پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن پوٹھو ہار میں مفت تعلیم کا سب سے بڑا منصوبہ ہے‘ریجنل ڈائریکٹر نارتھ

بدھ 10 ستمبر 2014 15:49

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10ستمبر۔2014ء) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے صوبے کے 10شمالی اضلاع میں اڑھائی لاکھ مستحق بچوں کو میٹرک تک مفت تعلیم کی سہولت مہیا کی ہے ۔ اس مقصد کے لیئے ان اضلاع کے 262نجی سکولوں سے پارٹنر شپ کی گئی ہے۔اس پارٹنرشپ کا مقصد مستحق طالب علموں بالخصوص طالبات کو تعلیمی اخراجات سے نجات دلا کر مفت اور معیاری تعلیم کے ذریعے تعلیم یافتہ اور قابل فخر شہری بنانا ہے تاکہ ملک ترقی کرے۔

(جاری ہے)

یہ بات پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ریجنل ڈائریکٹر(نارتھ) سید نوید عباس نے اپنے دفتر میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں بتائی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن پوٹھوہار ریجن میں مفت تعلیم کا سب سے بڑا فلاحی منصوبہ ہے جس کی بدولت بے وسیلہ گھرانوں میں علم کا اجالا پھیلا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مفت تعلیم کے منصوبوں کو مزید وسعت دی جارہی ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیسکو کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل محمد داؤد نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن تعلیمی میدان میں اہم کردار سر انجام دے رہی ہے۔ تقریب میں پارٹنر سکولوں کے مالکان، اساتذہ اور طالب علموں نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :