صحت مند ماں ہی صحت مند معاشرے کی بنیاد رکھ سکتی ہے،خواجہ سلمان رفیق

پیر 29 اپریل 2024 18:45

صحت مند ماں ہی صحت مند معاشرے کی بنیاد رکھ سکتی ہے،خواجہ سلمان رفیق
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے مقامی ہوٹل میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن میڈکان اینڈ ہیلتھ ایکسپو 2024 میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر لاہور میں چین کے کونسل جنرل مسٹر ژا شرن، صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن لاہور چیپٹر پروفیسر ڈاکٹر اشرف نظامی،وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل،پرنسپل جنرل ہسپتال لاہور پروفیسر ڈاکٹر سردار ظفر الفرید، پروفیسر خالد محمود،جنرل سیکرٹری پروفیسر شاہد ملک، ڈاکٹر طلعت پاشا، ڈاکٹر اظہار چوہدری، پروفیسر فاروق افضل، پروفیسر عرفان، ڈاکٹر شاہد فضل، چائنیز میڈیکل ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور ڈاکٹرز کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر مقررین کے درمیان یادگاری شیلڈز بھی تقسیم کیں۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے میڈیکل کانفرنس کے شرکا سے اپنے خطاب میں کہا کہ ماں اور بچے کی صحت کو یقینی بنانے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اہم کردار ادا کرنا ہوگا،اب ماں اور بچہ کی صحت کو یقینی بنانے کیلئے روڈ میپ پر عملدرآمد کرنے کا وقت آچکا ہے،اس حوالے سے معاشرے میں آگاہی پھیلانا انتہائی اہم ہو چکا ہے،اسی وجہ سے مسلم لیگ ن نے اپنے مینو فیسٹو میں ماں اور بچہ کی صحت کا پروگرام رکھا ہے۔

پنجاب کے تعلیمی اداروں میں میں اس پروگرام کو لانچ کریں گے۔صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ ہمیں ایک صحت مند زندگی گزارنے کیلئے صحت مند لائف سٹائل اپنانا ہوگا،ایک صحت مند ماں ہی صحت مند معاشرے کی بنیاد رکھ سکتی ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ لاہور میں50 ارب روپے کی لاگت سے نواز شریف کینسر کیئر ہسپتال جبکہ سرگودھا میں9 ارب روپے کی لاگت سے نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ری ویمپنگ منصوبے کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کر رہے ہیں،پنجاب میں عطائیت کا جڑ سے خاتمہ کرنا ہوگا۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کانفرنس کے انعقاد پر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے ذمہ داران کو مبارکباد دی۔چین کے کونسل جنرل لاہور مسٹر ژا شرن نے کہاکہ چین اور پاکستان کے درمیان انتہائی خوبصورت اور درینہ تعلقات قائم ہیں،چین اور پاکستان کی عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن لاہور چیپٹر پروفیسر ڈاکٹر اشرف نظامی نے کہاکہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اور چائنہ میڈیکل ایسوسی ایشن کے درمیان انتہائی بہترین پروفیشنل تعلقات قائم ہیں۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے ہمیشہ عوام کے مفاد میں حکومت کی رہنمائی کی ہے۔وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے کہاکہ عوام کی خدمت میں ہمہ وقت مصروف خواجہ سلمان رفیق سیاست دان کم اور ڈاکٹر زیادہ محسوس ہوتے ہیں،پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے ہمیشہ عوامی مسائل کی اربابِ اختیار تک نمائندگی کی ہے۔پرنسپل جنرل ہسپتال لاہور پروفیسر ڈاکٹر سردار ظفر الفرید نے کہاکہ ہمیں صحت مند زندگی گزارنے کیلئے متوازن غذا کا استعمال کرنا چاہئے۔