تحریک انصاف، حکومت مذاکرات، اندرونی کہانی سامنے آ گئی، دھاندلی کی تعریف پر اتفاق نہ ہو سکا

بدھ 10 ستمبر 2014 17:31

تحریک انصاف، حکومت مذاکرات، اندرونی کہانی سامنے آ گئی، دھاندلی کی ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10ستمبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان مذاکرات کے مندرجات منظر عام پر آ گئے ہیں جن کے تحت جوڈیشل کے قیام پر تو اتفاق ہو گیا ہے لیکن اس کے دائرہ اختیار پر تنازع برقرار ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت اور تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان جوڈیشل کمیشن کو آرڈیننس کے ذریعے بنانے پر اتفاق ہو گیا ہے لیکن دائرہ اختیار پر تنازع برقرار ہے جبکہ دھاندلی کی تعریف پر ابھی تک کوئی اتفاق نہ ہو سکا۔

چیئرمین نادرا، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور ڈی جی ایف آئی اے کو تبدیل کرنے پر بھی اتفاق کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس بات پر بھی اتفاق ہوا ہے کہ معاہدے پر دستخط کے بعد 7 روز کے اندر جوڈیشل کمیشن کا قیام ضروری ہو گا جو 45 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گا اور اگر جوڈیشل کمیشن نے دھاندلی ثابت کر دی تو وزیراعظم اسمبلیاں تحلیل کر دیں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے نواز شریف کی درخواست پر مذاکرات میں سہولت کار کا کردار ادا کرنے کی حامی بھری تھی جس کے بعد تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی اور حکومتی کمیٹی کے درمیان کنونشن سنٹر میں ہونے والی پہلی دو ملاقاتوں میں عسکری نمائندے بھی موجود تھے تاہم وزیراعظم نواز شریف کی قومی اسمبلی میں تقریر کے بعد فوج سہولت کار کا کردار ادا کرنے کے عمل سے باہر ہو گئی۔