ایبولہ وائرس پر افریقن ممالک کی امداد پر غورکیلئے اوبامہ آئندہ ہفتے امریکی طبی ماہرین سے ملاقات کرینگے

ہفتہ 13 ستمبر 2014 17:36

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13ستمبر۔2014ء)صدر باراک اوبامہ آئندہ ہفتے سرکردہ امریکی طبی ماہرین سے ملاقات کریں گے جیسا کہ وہ ایبولا وائرس کے معاملے پر افریقہ کیلئے امداد بھیجنے کے اپنے وعدے کے حوالے سے غور کر رہے ہیں کہ کس طرح سے اس پر عملدرآمد کیا جائے۔اوبامہ منگل کے روز اٹلانٹا میں بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام سے متعلق سینٹرز(سی ڈی سی) کے امریکی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کریں گے،اس سے قبل وہ عندیہ دے چکے ہیں کہ ایبولا کے پھیلنے کا پتہ چلانے کی کوشش کے طور پر امریکی فوجی اثاثہ جات کو تعینات کیا جائے گا۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان جوش ارنسٹس نے کہا کہ اوبامہ مغربی افریقہ میں ایبولا وائرس کے پھیلاؤ پر بریفنگ لیں گے اور اس کے پھیلنے پر امریکی رد عمل پر تبادلہ خیال کریں گے اور سائنسدانوں،ڈاکٹرز اور ہیلتھ کےئر ورکرز کا شکریہ ادا کریں گے جو ملک اور دنیا بھر میں بیماری سے متاثرہ افراد کی مدد کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اوبامہ کا اتوار کے روز این بی سی نیوز کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ امریکی فوج ایبولا وائرس سے متاثرہ مغربی افریقن ممالک کیلئے بھیجے گئے پبلک ہیلتھ ورکز کی مدد کیلئے علیحدہ یونٹس قائم اور سازوسامان فراہم کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں ان کیخلاف میں ایبولا وائرس امریکہ تک نہیں پہنچے گا لیکن خبردار کیا کہ وائرس ایک مریض سے دوسرے میں منتقل ہوسکتا ہے اور افریقہ کے باہر لوگوں کیلئے خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔سی ڈی سی کے دورے کے بعد اوبامہ بدھ کو ٹیمپا فلوریڈا جائیں گے جہاں وہ امریکی سینٹرل کمانڈ کے منتظم فوجی سربراہان سے ملاقات کریں گے جو شام اور عراق میں دولت اسلامیہ گروپ کے خلاف لڑائی میں ان کی نئی حکمت عملی پر عملدرآمد کریں گے۔