حکومت نے وسائل کا رخ بے گھر افراد کی آباد کاری کی جانب موڑ دیاہے

آخری متاثرہ فرد کی بحالی تک ریلیف آپریشن جاری رہیگا، سردار شیر علی خان گورچانی

پیر 15 ستمبر 2014 15:55

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار15 ستمبر2014)قائمقام سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی خان گورچانی نے کہا کہ حکومت نے وسائل کا رخ بے گھر افراد کی آباد کاری کی جانب موڑ دیاہے۔آخری متاثرہ فرد کی بحالی تک ریلیف آپریشن جاری رہیگا۔یہ سیلاب جو تباہی لے کر آیا ہے اس کا سامنا ہم سب کو بحیثیت قوم ملکر کرنا ہے اور اس مشکل کا مقابلہ ڈٹ کر کرنا ہے۔وزیر اعظم میاں نواز شریف اووزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر قیادت متاثرین سیلاب کیلئے امدادی کاروائیاں بہت تیزی سے جاری ہیں۔

حکومت سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے انسانیت کی خاطر امدادی کاروائیوں میں مصروف ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کا حتی الامکان ازالہ کیا جاسکے، مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم سے بیرون ملک رہنے والے پاکستانیوں جن کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں اس مشکل میں پاکستان کی امداد کیلئے کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوٹ مٹھن ،راجن پور میں سیلاب متاثرین سے بات کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں فلڈ ریلیف کیمپ میں کا معائینہ کیا ۔ بعد ازاں قائمقام سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی خان گورچانی نے صوبائی پارلیمانی سیکریٹری سردار عاطف مزاری ،ڈی سی او غازی امان اللہ کے ہمراہ تحصیل روجہان کے دریائے سندھ کے بند سون میانی کا تفصیلی معائنہ کیا اور محکمہ انہار کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ حفاظتی بندوں کو محفوظ بنانے کے عمل کو مزید محفوظ بنائیں۔

امدادی سرگرمیوں کے بارے میں میڈیا بریفینگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع میں 82مواضعات کے زیر آب آنے کی توقع ہے تاہم ضلعی انتظامیہ نے اب تک چھ ہزار سے زائد لوگوں اور 22ہزار سے زائد مویشوں کو دریائی علاقوں سے محفوظ مقاما ت پر منتقل کر دیا ہے۔ متوقع سیلاب کے پیش نظر 11فلڈ ریلیف کیمپ بھی قائم کر دیئے گئے ہیں جہا ں آنے والے متاثرین اور ان مویشوں کے لیئے بھی سہولیات مہیا کی گئی ہیں ۔

پچھلے دو روز کے دوران 4ہزار فوڈ ہمپرز او ر500خیمے بھی تقسیم کیئے جا چکے ہیں ۔ ضلعی انتظامیہ صوبائی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہے اور اعلیٰ حکام کے تعاون اور ہدایات کی روشنی میں متاثرین سیلاب کی امداد و بحالی کے لیئے پوری طرح پرعزم اور چوکس ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی کوششوں سے یہ امید ہے کہ حالیہ سیلابی ریلہ کم نقصانات سے دوچار کرے گا اور تمام حفاظتی بند مزید مضبوط بنائے جا رہے ہیں ۔