وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی کراچی میں چینی قونصلیٹ آمد،چین کے قونصل جنرل سے ملاقات

چینی شہریوں کی سکیورٹی بہت عزیز ہے، چینی شہریوں کی آمدورفت کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرایا جا رہا ہے، محسن نقوی

جمعرات 2 مئی 2024 22:20

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی کراچی میں چینی قونصلیٹ آمد،چین کے قونصل ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2024ء) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کراچی میں چین کے قونصل جنرل یانگ یونڈونگ سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا چینی قونصلیٹ آمد پر چینی قونصل جنرل نے استقبال کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور چینی شہریوں کی سکیورٹی سے متعلق تبادلہ خیال کیاگیا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاکستان خصوصا کراچی میں چینی شہریوں کی حفاظت کے لئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چینی شہریوں کی سکیورٹی بہت عزیز ہے۔ چینی شہریوں کی آمدورفت کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرایا جا رہا ہے۔ چینی شہریوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانا ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے کہاکہ دشمن پاک چین دوستی کو زک پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ دشمن کی ایسی ہر سازش ناکام بنائیں گے۔ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی۔ چینی قونصل جنرل نے سکیورٹی پلان پر اطمینان کا اظہار کیا۔وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا اور چینی قونصلیٹ کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔