چنے کی کاشت 25ستمبر سے شروع کردی جائے‘ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب

بدھ 17 ستمبر 2014 13:37

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17ستمبر۔2014ء) محکمہ زراعت پنجاب کی طرف سے چنے کے کاشتکاروں کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ چنے کی کاشت 25ستمبر سے شروع کردی جائے۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق چنا ربیع کی ایک اہم پھلی دار فصل، غذائیت کے اعتبار سے ایک اہم جنس اور گوشت کا نعم البدل ہے۔ پنجاب میں تقریباً 24لاکھ ایکڑ رقبے پر چنے کی کاشت کی جاتی ہے جو ہمارے ملک میں چنے کے کل رقبے کا تقریباً 80فیصد ہے۔

پنجاب میں چنے کا تقریباً 92فیصد رقبہ بارانی علاقوں میں کاشت کیا جاتا ہے جس میں زیادہ تر تھل بشمول بھکر، خوشاب، لیہ، میانوالی اور جھنگ کے اضلاع شامل ہیں۔ ترجمان نے کہا ہے کہ کاشتکار پنجاب کے شمالی اضلاع اٹک، چکوال میں چنے کی کاشت 25ستمبر سے شروع کرکے 15اکتوبر تک، گجرات، جہلم، راولپنڈی اور نارووال میں 15اکتوبر سے شروع کرکے 10نومبر تک، تھل کے علاقہ جات بشمول بھکر، جھنگ، خوشاب، میانوالی اور لیہ میں یکم اکتوبر سے 30اکتوبر تک اور فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر اور وسطی پنجاب کے دیگر اضلاع میں چنے کی کاشت 15اکتوبر سے 15نومبر تک مکمل کر لیں۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق چنا ریتلی، ہلکی میرا یا اوسط درجہ زرخیز زمین میں کاشت کریں۔ دیسی چنے کی ترقی دادہ اقسام پنجاب 2008-، تھل 2006-، بھکر 2011-، بٹل 98-، بلکسر 2000-، ونہار 2000-، سی ایم 98- اور کابلی چنے کی ترقی دادہ اقسام سی ایم 2008-، نور 2009-، نور 91- اور نور 2013کا صحت مند بیج استعمال کریں۔ چنے کی کاشت سے پہلے بیج کو پھپھوندی کش زہر اور جراثیمی ٹیکہ ضرور لگائیں۔ دیسی و کابلی چنے کی عام جسامت والے دانوں کی اقسام کا 30کلوگرام اور موٹے دانوں والی اقسام کا 35کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں۔ ترجمان کے مطابق آبپاش علاقوں میں فصل کو ایک تا ڈیڑھ بوری ڈی اے پی کھاد ضرور ڈالیں۔

متعلقہ عنوان :