سعودی شاہ عبداللہ ایک اور مرتبہ اعزازی ڈاکٹر بن گئے

بدھ 17 ستمبر 2014 16:56

سعودی شاہ عبداللہ ایک اور مرتبہ اعزازی ڈاکٹر بن گئے

الریاض (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17ستمبر۔2014ء)سعودی عرب کی امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی نے خادم الحرمین الشریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کو بین الاقوامی تعلقات اور امن اور سلامتی کے قیام کیلئے ان کی خدمات کے اعتراف میں ڈاکٹر آف فلاسفی (پی ایچ ڈی) کی اعزازی ڈگری دی ہے اور انھوں نے یہ ڈگری قبول کر لی ہے۔

(جاری ہے)

جامعہ اسلامیہ امام محمد بن سعود کے صدر سلیمان بن عبداللہ اباالخالد نے جامعہ میں ایک نیوز کانفرنس منعقد کی جس میں انھوں نے سعودی عرب کو قوموں کی برادری میں آگے لے جانے کیلئے شاہ عبداللہ کی خدمات پر روشنی ڈالی ہے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں مصر کی تاریخی دانش گاہ الازہر نے بھی سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کو ان کی دنیا میں اسلام اور مسلمانوں کے لیے خدمات کے اعتراف میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دی ہے۔ جامعہ الازہر نے اس سے پہلے جولائی میں بھی شاہ عبداللہ کو ان کی مسلمانوں اور امہ کیلئے خدمات کے اعتراف کے طور پر پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دی تھی۔