کراچی‘ نجی اسپتال میں غلط انجکشن لگنے سے مریضہ جاں بحق

اتوار 21 ستمبر 2014 14:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تاز ترین ۔ 21ستمبر۔ 2014ء)کراچی کے نجی اسپتال میں مبینہ طور پر غلط انجکشن لگنے سے مریضہ جاں بحق ہوگئی۔ ورثا لاش کے ہمراہ شاہراہ نورجہاں تھانے پہنچ گئے۔نارتھ ناظم آباد کے نجی اسپتال میں مبینہ طور پر غلط انجکشن لگنے سے مریضہ صدف جاں بحق ہوگئی۔ جس کے بعد لواحقین نے مشتعل ہوکر اسپتال میں توڑ پھوڑ کی۔ واقعے کے بعد ڈاکٹر اور اسپتال کا عملہ فرار ہوگیا۔

(جاری ہے)

جاں بحق خاتون کے شوہر شہریار کا کہنا تھا کہ کل دن میں ان کے بچے کی ولادت ہوئی تھی بچہ تندرست ہے۔ مقتولہ کی طبیعت کچھ خراب ہوئی تو ڈاکٹر فرزانہ نے انجکشن لگایا جس کے بعد صدف کی موت واقع ہوگئی۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے اسپتال پہنچ کر صورتحال پر قابو پایا۔ پولیس نے اسپتال کے اکانٹنٹ افضال کو حراست میں لے لیا۔ واقعے کے بعد ورثا لاش کے ہمراہ شاہراہ نورجہاں تھانے پہنچ گئے اور احتجاج کیا۔ ورثا نے غفلت کے مرتکب ڈاکٹر کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیاجس پر پولیس نے ڈاکٹر کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسپتال کے اکانٹنٹ کو گرفتار کریا ہے ۔