لاہور میں شیرا کوٹ کے قریب پینٹ فیکٹری میں اچانک آگ لگ گئی، لاکھوں کا نقصان

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی امدادی ٹیمیں پہنچ گئیں، آگ کی شدت کے باعث مشکلات کا سامنا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 17 ستمبر 2025 11:48

لاہور میں شیرا کوٹ کے قریب پینٹ فیکٹری میں اچانک آگ لگ گئی، لاکھوں کا ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 ستمبر 2025ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقہ شیراکوٹ کے قریب پینٹ فیکٹری میں اچانک آگ لگ گئی۔ اطلاعات کے مطابق لاہور کے علاقہ بند روڈ میں شیراکوٹ کے قریب رنگ بنانے والی ایک فیکٹری میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جس کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی امدادی ٹیمیں فوری جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کے لیے کارروائی کا آغاز کردیا، تاہم آگ کی شدت کے باعث ریسکیو ٹیموں کو اسے بجھانے میں مشکلات پیش آئیں جب کہ آتشزدگی کے باعث لاکھوں روپے مالیت کا پینٹ جل کر راکھ ہوگیا۔

اس سے پہلے لاہور میں لبرٹی مارکیٹ کے ریسٹورنٹ میں اچانک آگ لگ گئی تھی، گلبرگ میں لبرٹی چوک کے قریب نجی ہوٹل کے کچن میں آگ لگنے کے واقعے کے بعد فوری طور پر ریسکیو فائر وہیکلز جائے حادثہ پر پہنچیں، جہاں ریسکیو فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہوگئے، اس دوران کیپری ہوٹل سے ایک متاثرہ شخص کو نکال لیا گیا جو آگ لگنے کے بعد ہوٹل میں پھنس گیا تھا، ریسکیو فائر فائٹرز نے ہوٹل میں پھنسے ہوئے اس شخص کو بحفاظت نکالا۔

(جاری ہے)

چند روز قبل لاہور کی شاہ عالم مارکیٹ کے پلازے میں آگ لگ گئی تھی، آتشزگی کا یہ واقعہ لاہور کی معروف شاہ عالم مارکیٹ کے گل پلازہ میں پیش آیا جہاں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی، آگ لگنے سے عمارت کی دوسری منزل پر دھواں بھر گیا، گنجان آباد علاقے اور تنگ گلیوں کے باعث ریسکیو کی گاڑیوں کو پلازے تک پہنچنے میں مشکل ہوئی تاہم اہلکار بروقت جائے وقوعہ پر پہنچنے میں کامیاب رہے۔

اس حوالے سے ترجمان ریسکیو 1122 کا کہنا تھا کہ گل پلازہ میں آگ لگنے کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور فائر فائٹرز نے فوری طور پر آگ پر قابو پانے کے لیے کوششوں کا آغاز کردیا، جس کے لیے ناصرف پلازے کے باہر سے آگ بجھانے کی کوششیں کی گئی بلکہ ریسکیو اہلکار گل پلازہ کے اندر بھی پہنچنے میں کامیاب ہوئے تاکہ جلد از جلد آگ پر قابو پایا جاسکے، تاہم ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی تھی۔