اقوام متحدہ کی یوتھ ایجوکیشن سفیر بننے پر فخر ہے ،رابعہ فریدی،

پاکستان میں دیہی خواتین کیلئے تعلیم کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے اور اس مائنڈ سیٹ کو تبدیل کرنے کیلئے عملی کاوشیں بروئے کار لائیں گی جو خواتین کی تعلیم کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے ،طالبہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد

بدھ 24 ستمبر 2014 21:40

نیویارک /فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24ستمبر۔2014ء) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 69واں اجلاس میں گلوبل یوتھ ایمبسڈرورکشاپ سے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی ہونہار طالبہ رابعہ فریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اقوام متحدہ کی یوتھ ایجوکیشن سفیر بننے پر فخر ہے اور وہ پاکستان میں دیہی خواتین کیلئے تعلیم کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے اور دیہی سطح پر اس مائنڈ سیٹ کو تبدیل کرنے کیلئے عملی کاوشیں بروئے کار لائیں گی جو خواتین کی تعلیم کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے ،پاکستان کی دیہی خواتین کو زیور تعلیم سے آراستہ کرکے جب تک قومی دھار ے میں شامل نہیں کیا جاتا ملکی تعمیر و ترقی اور انتہاء پسندی کے خاتمے کا خواب شرمندہٴ تعبیر نہیں ہوسکے گا۔

نیویارک یونیورسٹی میں اپ فار سکول یوتھ ریلی اور تقریب سے اپنے خصوصی خطاب میں رابعہ فریدی نے محترمہ فاطمہ جناح‘ بے نظیر بھٹو‘ شرمین چونائی اور ارفع کریم رندھاوا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستانی خواتین کیلئے رول ماڈل بننے کے عزم کااظہار کیا۔

(جاری ہے)

رابعہ فریدی ایک عرصہ سے پاکستان کے دیہی علاقوں میں خواتین کی ناخواندگی اور تعلیمی کمزوریوں کی وجوہات کی نشاندہی کر رہی ہیں اور خواتین کیلئے تعلیمی سہولیات کی فراہمی کیلئے راہ ہموار کر رہی ہیں۔

اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24ستمبر۔2014ء کے مطابق پاکستان کی دوسری خاتون ہونگی جو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے مخاطب ہوئی ہیں۔ ا قوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپ فار سکول یوتھ ریلی کے دوران دنیا بھر سے 17تا 27برس کے صرف 9نوجوانوں کا یوتھ کریج ایوارڈ کے لئے انتخاب کیا گیا پاکستان سے رابعہ فریدی کے علاوہ ایشیاء‘ افریقہ‘ یورپ اور مشرق وسطیٰ کے جن ممالک کے نوجوانوں کو یوتھ کریج ایوارڈ عطاء کی گیا ان میں افغانستان‘ صومالیہ‘ لائبریا‘ بھارت‘ برطانیہ‘ کیمرون ‘لبنان اور شام کے باہمت اور قائدانہ صلاحیتوں کے حامل نوجوان شامل ہیں۔

اقوام متحدہ سے جاری ہونیوالی تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے سابق وزیراعظم اور اقوام متحدہ میں عالمی سطح پر تعلیم کے خصوصی نمائندے گورڈن براؤن کے ہاتھوں یوتھ کریج ایوارڈ حاصل کرنے والے نوجوان اپنے ممالک میں بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے خلاف آواز بلند کرنے اور خواتین کی کم عمری میں شادی اور صنفی امتیاز کے خلاف شعور اُجاگرکررہے ہیں۔