وفاقی اردو یونیورسٹی کے گلشن اقبال اور عبد الحق کیمپسز میں13تا 17اکتوبر ہفتہ طلبہ منایا جائے گا

جمعرات 9 اکتوبر 2014 17:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 اکتوبر۔2014ء)وفاقی اردو یونیورسٹی کے گلشن اقبال اور عبد الحق کیمپسز میں13اکتوبرسے17اکتوبر2014 تک ”ہفتہ طلبہ“ منایا جارہا ہے۔عبدالحق کیمپس کی کنوینر رئیس کلیہ فنون پروفیسر ڈاکٹر ناہید ابرار جبکہ گلشن کیمپس کے کنوینر رئیس کلیہ سائنس پروفیسر ڈاکٹر عارف زبیر ہیں۔تفصیل کے مطابق دونوں کیمپسوں میں 13اکتوبر کو مقابلہ حسن قرات،14اکتوبر کو نعت خوانی،15اکتوبر کواردو اور انگریزی مباحثے کا مقابلہ،16اکتوبر کو بیت بازی کے مقابلے اورمشاعرے کا اہتمام کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ 13اکتوبر سے17 اکتوبر تک کھیلوں کے مقابلے بھی ہونگے۔ جامعہ اردو کے گلشن کیمپس میں بھی13سے17اکتوبر تک یہ تمام مقابلے منعقد کئے گئے ہیں۔ ان تمام مقابلوں کا آغاز صبح10بجے ہوگا۔

(جاری ہے)

دونوں کیمپسوں میں منائے جاینوالے ہفتہ طلبہ کی مشترکہ اختتامی تقریب 17اکتوبر کو شام 5بجے عبدالقدیر آڈیٹوریم گلشن اقبال کیمپس میں ہوگی جس کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال ہونگے۔

عبدالحق کیمپس میں ہفتہ طلبہ کی انتظامی کمیٹی میں پروفیسر ڈاکٹر اوج کمال، ڈاکٹر وسیم الدین، ڈاکٹر سردار احمد، نمرہ وسیم،ڈاکٹر آزادی برفت، رضوانہ جبیں، ڈاکٹر غلام رسول لکھن، ڈاکٹر اشرف خرم اورڈاکٹر کمال جامڑو شامل ہیں جبکہ گلشن کیمپس کی انتظامی کمیٹی میں ڈاکٹر وقارالحق، ڈاکٹر عفت محمود، ڈاکٹر روبینہ مشتاق، ڈاکٹر عدنان ندیم، ڈاکٹر رعنا کوثر، ڈاکٹر زرینہ ، محمدافضال، عاصم حسین شامل ہیں۔