اوپن یونیورسٹی کے اے ٹی ٹی سی پی ٹی سی  سی ٹی  اور بی ایڈ کے فائنل امتحانات 20 اکتوبر سے ملک بھر میں ایک ساتھ شروع ہوں گے، کنٹرولر امتحانات  اقبال حسین

ہفتہ 11 اکتوبر 2014 13:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔1 1اکتوبر 2014ء)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے کنٹرولر امتحانات  اقبال حسین نے اعلان کیا ہے کہ سمسٹر بہار 2014ء میں پیش کئے گئے اے ٹی ٹی سی پی ٹی سی سی ٹی اور بی ایڈ پروگراموں کے فائنل امتحانات سوموار 20۔اکتوبر2014ء سے ملک بھر میں ایک ساتھ شروع ہو رہے ہیں۔ کنٹرولر امتحانات نے مزید بتایا کہ اے ٹی ٹی سی  پی ٹی سی  سی ٹی اور بی ایڈ کے امتحانات میں شرکت کے اہل تمام اُمیدواروں کو ڈاک کے ذریعہ رول نمبر سلپ اور ڈیٹ شیٹ ارسال کر دی گئی ہیں۔

اگر کسی طالبہ یا طالب علم کو 15۔اکتوبر2014ء تک رول نمبر سلپ نہ ملے تو اُنہیں چاہئے کہ فوری طور پر اپنے قریب ترین شہر میں موجود علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریجنل آفس یا سپرینٹینڈنٹ ( ٹیچر ایجوکیشن سیکشن ) مین کیمپس سے ذاتی طو ر پر ڈُ پلیکیٹ رول نمبر سلپ کے لئے رابطہ کریں۔

(جاری ہے)

ڈپلیکیٹ رول نمبر سلپ حاصل کرنے کے لئے امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی پاسپورٹ سائز تصدیق شدہ دو عدد تصویریں اپنے ساتھ ضرور لائیں ۔

کنٹرولر امتحانات کے مطابق طالب علموں کی سہولت کے لئے رول نمبر سلپ اور ڈیٹ شیٹ یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.aiou.edu.pk پر بھی جاری کردی گئی ہیں۔یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کرکے حاصل کی گئی رول نمبر سلپ بھی امتحان میں شرکت کے لئے قابل قبول ہوگی۔ کنٹرولر امتحانات نے اُمیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کمرہ امتحان میں پہنچنے سے پہلے رول نمبر سلپ پر درج ہدایات غور سے پڑھیں۔ ایسا کرنا خود اُن کے لئے بہت مفید ثابت ہو گا۔ علاوہ ازیں طلبہ و طالبات کو فائنل امتحان میں شرکت کے لئے نادرہ کا جاری کردہ قومی شناختی کارڈ بھی اپنے ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔