سیالکوٹ میں19 برسوں سے گورنمنٹ مری کالج کی علامہ اقبال لائبریری ایک لائبریرین سے محروم

پیر 13 اکتوبر 2014 18:44

سیالکوٹ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 اکتوبر۔2014ء) سیالکوٹ میں19 برسوں سے گورنمنٹ مری کالج کی علامہ اقبال لائبریری ایک لائبریرین سے محروم ہے میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ کالج شاعرِ مشرق علامہ اقبال اور فیض احمد فیض کی مادرِ علمی ہونے کے حوالے سے مشہور ہے۔ایک جونیئر کلرک کو لائبریرین کی اضافی ذمہ داری دی گئی تھی اور اس کو ایک خدمتگار بھی دیا گیا تھا۔

لائبریری میں 42 ہزار سے زیادہ کی تعداد میں کتابیں بوسیدہ الماریوں میں رکھی ہوئی ہیں جبکہ نئی الماریاں بدستور خالی پڑی ہیں۔قائم مقام لائبریرین محمد صدیق نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ ان کے اور ان کے نائب کیلئے لائبریری کا انتظام سنبھالنا اور ہزاروں طالبعلموں کو نمٹانا بہت مشکل ہوگیا ہے۔اس کالج کی انتظامیہ نے کالج کی سطح کے صوبائی محکمہ تعلیم کے متعلقہ حکام کو اس تشویشناک صورتحال سے آگاہ کیا تھا تاہم اب تک کسی لائبریرین کا تقرر نہیں کیا گیااس کے علاوہ لائبریری کی عمارت پر طویل عرصے سے رنگ و روغن بھی نہیں کروایا گیا ہے جس کی وجہ سے یہ ویران معلوم ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

کالج کے محکمے کے حکام سے جب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ اس ضلع میں لڑکوں اور لڑکیوں کے 22 سرکاری کالج ہیں جن میں سے صرف ڈسکہ کے دو کالجوں میں لائبریرین مقرر ہیں، ایک تو گورنمنٹ کالج برائے خواتین اور دوسرا گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج ہے۔انہوں نے کہاکہ اس ضلع میں 1996ء سے صوبائی حکومت کی جانب سے کسی بھی کالج میں لائبریرین کا تقرر نہیں کیا گیایہ پریشان کن صورتحال اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ سیالکوٹ، ڈسکہ، سمبڑیال اور پسرور تحصیل میں معیارِتعلیم کو فروغ دینے اور کالجوں کے مسائل حل کرنے میں مقامی منتخب نمائندے کس قدر دلچسپی لیتے ہیں۔

مقامی سیاسی، کاروباری، مذہبی اور تعلیمی حلقوں نے صوبائی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت کالج لائبریریز کو بالکل بھی اہمیت نہیں دیتی۔انہوں نے کہاکہ یہ انتہائی تشویش کی بات ہے کہ پچھلے 19 برسوں سے ضلع کے سرکاری کالجوں میں کوئی لائبریرین کی تعینات نہیں کیا گیا۔اسی دوران ضلع کے سرکاری کالجوں کے ہزاروں طالبعلموں اور ان کے والدین نے وزیرِ اعلیٰ شہباز شریف، کمشنر گوجرانوالہ ڈویڑن خواجہ شمائل احمد اور ضلعی رابطہ افسر ندیم سرور پر زور دیا کہ جلد از جلد کالجوں میں قابل لائبریرین کے تقرر کو یقینی بنائے جائے۔

متعلقہ عنوان :