بارانی علاقوں کے گندم کے کاشتکار گندم کی منظور شدہ اقسام کاشت کریں،محکمہ زراعت پنجاب

بدھ 15 اکتوبر 2014 16:02

راولپنڈی/ اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 اکتوبر۔2014ء ) محکمہ زراعت پنجاب ، راولپنڈی کے ترجمان نے بارانی علاقوں کے گندم کے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گندم کی منظور شدہ اقسام کاشت کریں۔ بارانی علاقوں کیلئے محکمہ زراعت کی طرف سے گندم کی منظور شدہ اقسام چکوال 50، این اے آر سی 2009، بارس 2009، دھرابی 2011 اور پاکستان 2013 ہیں۔ بارانی علاقوں کے لئے چکوال 50 کی کاشت کا وقت 15 اکتوبر تا 15 نومبر جبکہ این اے آر سی 2009، بارس 2009، دھرابی 2011 اور پاکستان 2013 کی کاشت کا وقت 20 اکتوبر تا 15 نومبر ہے۔

(جاری ہے)

کاشتکار گندم کی کاشت کیلئے 85 فیصد سے زیادہ شرح اُگاوٴ والا 50 کلو گرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں۔ بیج کی شرح اُگاوٴ کم ہونے کی صورت میں بیج کی فی ایکڑ مقدار میں اضافہ ضروری ہے۔ ترجمان کے مطابق کنگی، کانگیاری، کرنال بنٹ اور اکھیڑا گندم کی پیداوار میں کمی کا باعث بننے والی بیماریاں ہیں۔ بارانی علاقوں کے کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ ان بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت رکھنے والی گندم کی اقسام کاشت کریں اور ان پر موٴثر قابو پانے کے لئے بیج کو بوائی سے پہلے محکمہ زراعت کے مقامی عملہ کے مشورہ سے مناسب زہر لگائیں۔ بارانی علاقوں کی گندم کی پیداوار صوبے کی مجموعی گندم کی پیداوار کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

متعلقہ عنوان :