قرآن وہ کتاب ہے جو درس انقلاب ہے، ہماری منزل انقلاب نظام مصطفیﷺ ہے، علامہ اسماعیل ضیائی

بدھ 15 اکتوبر 2014 17:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 اکتوبر۔2014ء)ام المدارس اہل سنت دالعلوم امجدیہ کے شیخ الحدیث حضرت علامہ مولانا اسماعیل ضیائی دامت برکاتہم نے کہا ہے کہ مسلمانوں کی قرآن سے دوری ان کے زوال کا سبب ہے، اگر آج بھی مسلمان قرآن سے قربت کو اپنا لیں، فکر آخرت کو اپنی زندگی کا اہم جز سمجھ لیں، روز قرآن شریف پڑھ کر کچھ دیر غور وفکر کریں تو پھر سے اسلامی عروج کی روشنی نظر آئیگی، پھر سے اسلامی اقتدار کا سورج طلوع ہوگا، مگر یہ سب اس وقت ہوگا جب ہم اپنی فکر اور محاسبہ کرینگے، اپنی غلطیوں کا ازالہ کرینگے ، جمعیت علماء پاکستان ضلع شرقی کے زیر اہتمام ماہانہ درس قرآن کی محفل سے بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کا چاہئے کہ اپنے بچوں کا قرآن کا حافظ بنائیں، قائد ملت اسلامیہ کی زندگی دیکھیں کہ انہیں قرآن سے کتنی محبت تھی، فقط آٹھ سال کی عمر میں قرآن حفظ کرلیا اورپھر سار ی زندگی رمضان میں تراویح پڑھاتے رہے، ان کی زبان پر دن رات قرآن تھا، قرآن پاک کی فکر تھی، اور اسلامی شرعیت کا پاکیزہ نظام تھا جسے وہ نظام مصطفیﷺ کہتے تھے، خادمین جمعیت علماء پاکستان کو چاہیے کہ وہ ہم سب کے امام انقلاب امام شاہ احمد نورانی صدیقی کی زندگی اور کردار کو اپنائیں اور نظام مصطفیﷺ کے لئے اپنی جدوجہد تیز کریں، جمعیت علماء پاکستان ضلع شرقی کے صدر محمد شعیب برکاتی نے کہا کہ درس قرآن کی محفل ہر مہینے کی دوسری اتوا ر امام اعظم مسجد نیپا میں منعقد ہوتی ہے،جمعیت علماء پاکستان کا پیغام قرآن و سنت کے عین مطابق ہے، اور نظام مصطفیﷺ اس ملک کی حقیقی کامیابی کا ذریعہ ہے، اس درس قرآن میں جمعیت علماء پاکستا ن کے مرکزی سیکرٹری مالیات محترم عبدالحلیم غوری، علامہ مفتی امتیاز قادری، رئیس شیخ، ضیا ء المصطفی، سید عمر فاروق، آغا گل خان قادری، انجمن طلبہ اسلام کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری سیف الاسلام، انجمن طلبہ اسلام ضلع شرقی کے ذمہ داران ولید رضا قادری، حافظ عبدالباسط، محمد ایاز خان، حارث وکیل کے ساتھ ساتھ عوام کی بھرپور تعداد نے شرکت کی۔