جموں و کشمیر جرنلسٹ فورم کے زیر اہتمام بھارت کے جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیخلاف لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ

پیر 27 اکتوبر 2014 17:42

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27 اکتوبر۔2014ء) جموں و کشمیر جرنلسٹ فورم کے زیر اہتمام 27اکتوبر کو بھارت کے جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیخلاف لاہور پریس کلب کے باہر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سینئر صحافیوں ‘دانشوروں سمیت ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے وفراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔احتجاجی مظاہرے میں شرکاء نے بھارتی جارحیت کیخلاف پلے کارڈ بھی اٹھائے ہوئے تھے جبکہ بھارتی دہشتگردی کیخلاف نعرے بازی بھی کی۔

اس موقع پر خطاب کر تے سینئر صحافی و جموں و کشمیر جرنلسٹ فورم کے صدر خالد منہا س نے کہا کہ بھارت نے 27اکتوبر کو جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر کے کشمیری قوم کو ہمیشہ کیلئے غلام بنانے کی کو شش کی مگر کشمیری عوام 1947 سے لیکر ابتک بھارت کے اس غاصبانہ قبضے کو قبول کرنے کو تیا ر نہیں۔

(جاری ہے)

اس مسئلہ کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل نہ کیا گیا تو خطے میں ایٹمی جنگ چھڑنے کا خطرہ موجود ہے۔

سینئر نائب صدر زاہد شفیق طیب و جنرل سیکرٹری محمد عبداللہ ‘طارق ستی ‘اویس حمیدنے کہا کہ27اکتوبر کو بھارت نے کشمیر پر قبضہ کر کے کشمیری عوام کے حقوق سلب کئے۔ بھارت کی پاکستان کیخلاف حالیہ جارحیت کا مقصدپاکستان کو کمزوربناتے ہوئے کشمیر پر اپنے قبضے کو مزیدمضبوط بناناہے۔بھارت کو کشمیر ی عوام کی آزادی کا پیدائشی حق سلب نہیں کرنے دیں گے‘ لاکھوں افراد کی شہادت دینے والی کشمیری قوم کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت‘ عالمی برادری سے کیاگیا وعدہ پورا کرتے ہوئے ریاست جموں وکشمیر کے عوام کوحق خودارادیت دے ۔لاہور پریس کلب کی گورننگ باڈی کے رکن امجد عثمانی نے کہا کہ بھارت جمہوریت کا دعوی کرتا ہے جبکہ کشمیری عوام کی آزادی سلب کرکے طاقت کے ذریعے نہتے کشمیری عوام کا قتل عام کرکے عالمی دہشت گردی کامرتکب ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ہرحکومت نے کشمیری عوام کی آواز موثر طریقے سے بلند کی ہے ۔

سینئر صحافی عطیہ زیدی اور سید فرزندعلی نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ ریاستی عوام کاحق آزادی دلانے میں اپنا کردارادا کرے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ کشمیرکی مکمل آزادی کیلئے ہر سیاسی جماعت اورمکتب فکر کے لوگ ایک پلیٹ فارم پر متحدہیں۔ ہماری کوتاہیوں کے باعث عالمی سطح پر کشمیرکامسئلہ کمزورہورہاہے۔ آزادی اس وقت تک ہمارامقدرنہیں بن سکتی جب تک ہرکشمیری ایک وژن پر متفق نہ ہوجائے۔ آج ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ کشمیرکی مکمل آزادی تک بھارتی تسلط کیخلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :