لاہور ہائیکورٹ نے انتخابی دھاندلی کیس میں الیکشن ٹربیونل کے روبروقومی اسمبلی کے حلقہ این اے 118کے ریٹرننگ افسر کا بیان قلمبند نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔

منگل 28 اکتوبر 2014 12:41

لاہور.(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28 اکتوبر۔2014ء) .لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔عدالتی سماعت کے موقع این اے 118سے رکن قومی اسمبلی ملک ریاض کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن ٹربیونل کے روبرو انتخابی دھاندلی کے کیس کی سماعت جاری ہے مگر اسکے باوجود اس حلقہ کے ریٹرننگ افسر الیکشن ٹربیونل کے روبرو اپنا بیان قلمبند کرانے سے انکاری ہیں جبکہ الیکشن ٹربیونل بھی انکی یہ استدعا مسترد کر چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الیکشن ٹربیونل کے روبرو جاری سماعت کے موقع پر ریٹرننگ افسر کے بیانات قلمبند نہ کرائے گئے تو انتخابی دھاندلی کے حقائق واضح نہیں ہو سکیں گے جو کہ آئین اور قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔انہوں نے استدعا کی کہ عدالت ریٹرننگ افسر کو الیکشن ٹربیونل کے روبرو بیان قلمبند کرانے کے احکامات صادر کرئے۔تاہم عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی ۔عدالت نے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف درخواست گزار کو سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدائت کی ہے۔