افغان فورسزکا آپریشن،17طالبان ہلاک،عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے دوخواتین سمیت تین افرادجاں بحق

پیر 3 نومبر 2014 12:00

افغان فورسزکا آپریشن،17طالبان ہلاک،عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے دوخواتین ..

کابل(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 3نومبر 2014ء) افغان نیشنل سیکیورٹی فورسز کے مختلف صوبوں میں انسداد دہشت گردی آپریشن میں 17 طالبان جنگجو ہلاک اور 22 زخمی ہوگئے جبکہ62 خود ساختہ دھماکا خیز آلات ضبط کرلیے گئے،ادھر صوبہ لغمان میں عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے 2خواتین سمیت3 افراد جاں بحق اور10 زخمی ہوگئے،طالبان سمیت کسی بھی گروپ نے حملوں کی ذمے داری قبول نہیں کی، افغان میڈیا کے مطابق وزارت داخلہ سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ افغان نیشنل آرمی ،پولیس اور انٹیلی جنس نے صوبہ ننگرہار،لغمان،بدخشان،قندھار،زابل،ارزگان، غزنی ،خوست اور فرح میں مشترکہ آپریشن کیا ۔

جس کے دوران ایک عسکریت پسند کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ مختلف اقسام کے ہتھیار اور بارودی مواد بھی قبضے میں لے لیا گیا۔

(جاری ہے)

جنوبی صوبہ ہلمندمیں افغان فورسز نے لشکر گاہ شہر میں کاربم حملے کی سازش کو ناکام بنادیا۔صوبائی پولیس چیف کے ترجمان فرید احمد عبید کے مطابق دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی رات گئے لشکرگاہ شہر سے پکڑی گئی۔ صوبہ لغمان حکام کا کہنا تھا کہ ضلع علیشینگ میں ایک راکٹ حملے میں ایک شہری جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوئے جبکہ صوبائی گورنر کے ترجمان سرحدی زاک کے مطابق عسکریت پسندوں کی ایک کار پر فائرنگ سے 2 خواتین جاں بحق اور4 زخمی ہوگئے۔طالبان سمیت کسی بھی گروپ نے حملوں کی ذمے داری قبول نہیں کی۔

متعلقہ عنوان :