خیبر پختونخواہ کے ریسکیورز کی پاسنگ آؤٹ تقریب کل ہو گی

جمعرات 6 نومبر 2014 17:40

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 6نومبر 2014ء) خیبرپختونخواہ کے تربیت پانے والے ریسکیورزکی پاسنگ آؤٹ تقریب کا انعقاد کل جمعہ کو ایمرجنسی سروسز اکیڈمی ، شمع چوک ، فیروز پور روڈ، لاہور میں کیا جائے گا، جس کا مقصدریسکیو1122 خیبر پختوانخواہ کی استعداد کارکو بڑھانا ہے۔ان تمام ریسکیو رزکوایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں حادثات سے نبرد آزما ہونے کے لیے مختلف مشقوں کے ذریعے تر بیت دی گئی ہے تاکہ ایمرجنسی کی صورت میں پاکستان کے دوسرے صوبوں کے شہریوں کوبھی ایمرجنسی کیئرکے بنیادی حق کی فراہمی کو یقینی بنایاجاسکے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب اور گورنر پنجاب کی بصیرانہ قیادت کے تحت حکومت پنجاب دوسرے صوبوں کو تکنیکی معاونت فراہم کر رہی ہے۔ریسکیو 1122پاکستان کے بانی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رضوان نصیر دوسرے صوبوں میں موثر ایمرجنسی مینجمنٹ نظام کے قیام کے لیے تکنیکی معاونت مہیا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پاس آؤ ٹ ہونے والے ریسکیورز میں ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن ، فائر ریسکیورز، ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسرز کو ریسکیو ، ایمرجنسی میڈیکل ٹریٹمنٹ،بلند ی سے ریسکیو کرنے اور فائر فائیٹنگ کی تربیت کے ساتھ ساتھ مختلف خصوصی کورسززبھی کروائے گئے ہیں جن میں کمیونیکیشن ،میڈیکل فرسٹ ریسپانڈر(ایم ایف آر)،تباہ شدہ عمارتوں سے مریضوں کی تلاش اور ریسکیو (سی ایس ایس آر)اور انسیڈنٹ کمانڈ سسٹم کے شعبے شامل ہیں۔

یہ خصوصی ایمرجنسی سروسز اکیڈمی پاکستان میں ایمرجنسی مینجمنٹ کی استعداد کار کو بڑھانے کے لیے پاکستان میں پہلی مرتبہ قائم کی گئی ہے۔ایمرجنسی سروسز اکیڈمی خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان ، آزادکشمیر اور کراچی کے ریسکیو رز کو پیشہ وارانہ تربیت فراہم کر چکی ہے۔