محکمہ پراسیکیوشن رواں سال91 فی صد مقدمات میں ملزمان کو سزا دلوانے میں کامیاب رہا،59071 مقدمات میں سے53855 مقدمات میں ملزمان کو سزا ہوئی،رواں سال 364 مقدمات میں ملزمان کو سزائے موت ہوئی جبکہ276 ملزمان کو عمر قید سنائی گئی:رانا مقبول احمد

اتوار 9 نومبر 2014 18:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9نومبر۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق محکمہ پراسیکیوشن عوام کو انصاف دلانے میں سرگرم ہے۔ محکمہ پراسیکیوشن رواں سال 91فی صد مقدمات میں ملزمان کو سزا دلواکر انصاف کی فراہمی میں کامیاب رہا ہے۔کل59071 مقدمات میں سے53855 مقدمات میں ملزمان کو سزا ہوئی جبکہ5216 ملزمان مختلف وجوہات کی بناء پرعدالتوں بری ہوئے۔

سنگین جرائم کے مقدمات میں بھی محکمہ پراسیکیوشن کی کارکردگی قابل داد رہی۔ رواں سال جنوری سے ستمبر تک سنگین جرائم کے 364 ملزمان کو سزائے موت ہوئی ،276 کو عمر قید جبکہ 350 ملزمان کو سات سال سے زائد سزا ہوئی۔ محکمہ پراسیکیوشن کی کارکردگی میں مزید بہتری لانے کے لئے محکمے کے افسران کی ہفتہ وار کارکردگی کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ پراسیکیوشن کے ترجمان کے مطابق محکمے کی کارکردگی کا جائزہ ان مقدمات پر مبنی ہوتا ہے جن پر عدالت میں فریقین کی جانب سے بحث کی جائے۔

رواں سال59071مقدمات پر عدالت میں فریقین کی جانب سے بحث ہوئی جن میں سے53855مقدمات میں ملزمان کو سزا ہوا ہوئی۔ 27160 مقدمات گواہان کی عدم دستیابی کی باعث خارج کر دئیے گئے۔17109 مقدمات میں فریقین کی صلح ہوئی جبکہ5216مقدمات کے ملزمان عدالت سے بری ہوئے۔رواں سال اب تک قتل کے 661 ملزمان کو سزا ہوئی، ریپ کے 174، اغواء کے 88، ڈکیتی کے 499، راہ زنی کے 673 جبکہ مختلف طرز کی چوریوں میں ملوث 2926 مجرمان کو سزائیں ہوئی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے معاون خصوصی اور سابق آئی جی پنجاب رانا مقبول احمد نے محکمے کی جائزہ رپورٹ آنے پر تندہی سے اپنے فرائض سر انجام دینے والے پراسیکیوٹرز کو مبارکباد دی اور ساتھ ہی انہیں پیغام دیا کہ افسران مشنری جزبے سے کام کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی مجرم سزا سے بچ نہ پائے۔ انہوں کے کہا کہ مظلوم کو انصاف دلانا ہمارا اولین فریضہ ہے اس فریضے کی انجام دہی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔