شارجہ :نومولود بچہ ٹوکری میں رکھ کر ماں ہسپتال سے رفوچکر ہوگئی

منگل 11 نومبر 2014 14:22

شارجہ :نومولود بچہ ٹوکری میں رکھ کر ماں ہسپتال سے رفوچکر ہوگئی

شارجہ(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 11نومبر 2014ء)شارجہ میں مقیم ایک مصری خاتون ہسپتال سے اپنے ہی نومولود بچے کو '' چوری '' کر کے رفو چکر ہو گئی۔ مصری خاتون نے بچے کو چوری چھپے ہسپتال سے باہر لے جانے کے لیے ایک ٹوکری میں رکھا اور غائب ہو گئی۔ پولیس اور ہسپتال انتظامیہ چکرا کر رہ گئی۔عرب ٹی وی کے مطابق 39 سالہ مصری شہریت کی حامل ایک خاتون نے چند روز قبل شارجہ کے القاسمی ہسپتال میں ایک بچے کو جنم دیا۔

ہسپتال انتظامیہ نے اس کے کوائف معلوم کیے تو پتہ چلا کہ وہ اس کا شارجہ میں قیام غیر قانونی ہے۔اس صورت حال کے باعث نومولود بچے کی ماں کی نگرانی کے لیے پولیس اہلکار طلب کر لیے گئے کہ خاتون ہسپتال سے فراغت کے بعد قانون کی رسائی میں رہے۔خاتون سے اس کی شارجہ آمد اور مصروفیات کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے دوران اس نے بتایا کہ '' میرا شوہر امارات چھوڑ کر جا چکا ہے اور اس کے چلے جانے کے بعد میرا اس کے ساتھ کبھی رابطہ نہیں ہو سکا۔

(جاری ہے)

اس مشتبہ خاتون کے مطابق اس کے شوہر کے امارات سے چلے جانے کے بعد اس نے کبھی اس سے بات بھی نہیں کی ہے۔ہسپتال میں مشکوک ظاہر ہونے اور غیر قانونی قیام کی تصدیق کے کچھ دن بعد اپنے نومولود کو لے کر غائب ہونے کے لیے خاتون نے اچھوتا انداز اختیار کیا۔ اس نے اپنے شیر خوار کو ایک عام استعمال کی اشیاء رکھنے والی ٹوکری میں رکھا، خود نقاب کیا اور ہسپتال سے یہ جا وہ جا ہو گئی۔یہ بات بعد ازاں ہسپتال میں لگے کیمروں سے معلوم ہو سکی کہ ٹوکری میں کوئی اور چیز نہیں تھی بلکہ خاتون نے اپنے بچے کو '' پیک '' کیا تھا۔ اب پولیس اس خاتون کی تلاش میں ہے۔