گورنرخیبرپختونخوا نے کیڈٹ کالج سپنکئی جنوبی وزیرستان کے قواعد وضوابط کی اصولی منظوری دیدی

منگل 11 نومبر 2014 20:02

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11نومبر 2014ء) گورنرخیبرپختونخوا سردار مہتاب احمدخان نے کیڈٹ کالج سپنکئی جنوبی وزیرستان کے قواعد وضوابط کی اصولی منظوری دیتے ہوئے فاٹا سیکرٹریٹ کوہدایت کی ہے کہ دس روز کے اندر ان کاجائز ہ لے کر حتمی منظوری کیلئے انہیں پیش کیاجائے۔ وہ جنوبی وزیرستان ایجنسی کے سپینکئی کیڈٹ کالج کے عبوری بورڈ آف گورنرز کے پہلے اجلاس کے موقع پر اظہارخیال کررہے تھے۔

اس موقع پرچیف سیکرٹری خیبرپختونخوا امجدعلی خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا اعظم خان ،جی او سی 40 ڈویژن، سیکرٹری سیفران، سیکرٹری فنانس ڈویژن اسلام آباد، سیکرٹری اے آئی اینڈ سی فاٹا، سیکرٹری لاء اینڈ آرڈر فاٹا اوردیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ گورنر نے ہدایت کی کہ کالج کو دیگر تعلیمی اداروں سے مربوط و ہم آہنگ کیاجائے اور اس میں زیرتعلیم کیڈٹ کی سہولیات کی فراہمی کیلئے قریبی علاقے میں بنیادی صحت مرکز وغیرہ کے قیام کی بھی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

گورنر نے کالج کے لئے ایک کروڑ روپے کے ابتدائی فنڈز سے ایک انڈومنٹ فنڈ کے قیام کابھی اعلان کیا۔ گورنرنے کہاکہ حکومت قبائلی علاقوں میں تعلیم کی ترقی پرخصوصی توجہ دے رہی ہے اور نہ صرف اس کیلئے زیادہ فنڈز رکھے جارہے ہیں بلکہ تعلیم وتربیت کے معیار پر بھی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کیڈٹ کالج سپینکئی کو ایک ماڈل کالج بنانے کیلئے تمام ترممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے اور کسی قسم کی رکاوٹ آڑے نہیں آنے دی جائیگی۔ گورنرنے کہاکہ تعلیم کو ترقی دے کرہی فاٹا کے عوام کو حقیقی ترقی وخوشحالی کی جانب لایاجاسکتاہے۔

متعلقہ عنوان :