شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری، سکیورٹی فورسز کی دتہ خیل میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری ،آپریشن کلئیرنس ،غیر ملکیوں سمیت 34دہشت گرد ہلاک ،پاک فوج کے افسر سمیت 3جوان شہید ،4زخمی

اتوار 16 نومبر 2014 13:54

شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری، ..

راولپنڈی/دتہ خیل(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 16نومبر 2014ء) شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری، سکیورٹی فورسز کی دتہ خیل میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری اور آپریشن کلئیرنس کے نتیجے میں اہم کمانڈروں ور غیر ملکیوں سمیت 34دہشت گرد مارے گئے،آپریشن کلئیرنس کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے افسر سمیت 3جوان شہید جبکہ 4زخمی ہوگئے ۔

اتوار کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب اپنے پلان کے مطابق کامیابی سے جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں سے بمباری کی جس کے نتیجے میں اہم کمانڈروں اور غیر ملکی دہشت گردوں سمیت 24 دہشت گرد مارے گئے۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں اہم طالبان کمانڈر اور غیر ملکی دہشت گرد شامل تھے ۔دتہ خیل میں آپریشن کلئیرنس کے دوران پاک فوج کے ساتھ جھڑپ میں 7دہشت گردمارے گئے جبکہ پاک فوج کے افسر سمیت 3جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ۔فائرنگ سے 4جوان زخمی ہوگئے ۔زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے۔

پاک فوج نے شمالی وزیرستان کے نوے فیصد علاقوں کو دہشت گردوں سے کلیئر کرادیا ہے۔ آپریشن ضرب عضب میں اب تک طالبان کے اہم کمانڈروں سمیت دو ہزار سے زائد دہشت گرد مارے جاچکے ہیں۔