تحریک انصاف کا قافلہ کراچی سے روانہ ہوکر لاڑکانہ جلسے میں شرکت کریگا، محمد زبیر خان

پیر 17 نومبر 2014 17:47

کراچی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 17نومبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبراور سابقہ صدر سندھ محمد زبیر خان نے سندھ کے تمام کارکنان اور عہدیداران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین عمران خان کی ہدایت کے مطابق لاڑکانہ جلسے میں شرکت کے لیے کل مورخہ 18نومبر کو صبح 10بجے تحریک انصاف کا قافلہ کراچی سے روانہ ہوکر حیدر آباد، دادو ، مورو، نو شہر و فیروز ، سکھر، شکار پور ، جیکب آباد سے ہوتے ہوئے لاڑکانہ جلسے میں شرکت کریگا ۔

علاوہ ازیں قافلہ 20تاریخ کو دوپہر 12بجے سکھر پہنچے گا اور وہاں پر مرکزی رہنما زبیر خان پریس کانفرنس سے خطاب کرینگے جبکہ 21نومبر کو سکھر سے مرکزی رہنما و سابقہ صدر سندھ زبیر خان کی قیادت میں تمام قافلے لاڑکانہ کے لیے روانہ ہونگے اور چیئرمین عمران خان کی تبدیلی کی اس جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہوکر لاڑکانہ کے جلسہ کو کامیاب بنائیں گے۔

(جاری ہے)

یہ باتیں انہوں نے پنجاب کے دورے سے واپسی کے موقع پر لاڑکانہ جلسے کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر اندرون سندھ سے آئے ہوئے وفود بھی موجود تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کارکنان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے ہمارے راستے میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو اس کی ذمہ دار سندھ حکومت ہوگی ۔ پیپلز پارٹی اور اس کے وزراء حکومت میں ہونے کے باوجود چیئرمین عمران خان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خائف ہیں اس لیے من گھڑت اور بے بنیاد پروپیگنڈہ کررہے ہیں۔ محمد زبیر خان نے مزید کہا کہ تحریک انصاف ایک پرُ امن جماعت اور ہم پرُ امن سیاست پر یقین رکھتے ہیں ۔