تھائی لینڈ ’کرائے کی کوکھ کی فراہمی‘ قابل سزا،قانون ساز اسمبلی نے قانونی بل کی منظوری دیدی

جمعہ 28 نومبر 2014 16:58

تھائی لینڈ ’کرائے کی کوکھ کی فراہمی‘ قابل سزا،قانون ساز اسمبلی نے ..

بنکاک(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 28نومبر 2014ء) تھائی لینڈ کی قانون ساز اسمبلی نے اس قانونی بل کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت تجارتی ’سیروگیسی‘ کو ایک قابل سزا جرم قرار دے دیا جائے گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کمرشل سیروگیسی یا متبادل ماں کی فراہمی ایک ایسا عمل ہے جس میں ایک عورت مالی فائدے کے عوض کسی دوسرے جوڑے کے ایمبریو کو اپنے رحم میں رکھتی ہے، اور نو ماہ تک اْس کی نشو نما کر کے اْس بچے کو جنم دیتی ہے۔

زیادہ تر ایسے کیسز میں جب ایک جوڑا کسی بائیالوجیکل یا حیاتیاتی نقص کے سبب بچہ پیدا نہیں کر سکتا، اْن کے لیبارٹری میں فرٹائل شدہ ایمبریو یا جنین کو سیروگیٹ یا متبادل ماں کے رحم میں منتقل کر دیا جاتا ہے اور یوں یہ متبادل ماں بچے کو جنم دیتی ہے اور بچے کے بائیالوجیکل یا حیاتیاتی ماں باپ کے حوالے کر دیتی ہے۔

(جاری ہے)

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق تھائی لینڈ کیقومی قانون ساز اسمبلی (NLA) کی طرف سے گزشتہ روزمنظور کیے جانے والے میں اس قانونی بِل کے مطابق کمرشل مقاصد کے لیے سیروگیسی میں ملوث کسی بھی شخص کو 10 برس تک قید اور دو لاکھ بھات تک جرمانہ کیا جا سکے گا۔

یہ رقم 6600 امریکی ڈالرز کے برابر بنتی ہے۔تھائی لینڈ کے روزنامے بینکاک پوسٹ کے مطابق اب اس بِل کا جائزہ NLA کی ایک کمیٹی لے گے جس کے بعد اس پر حتمی بحث اور منظوری کے لیے اسے پھر اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ تھائی لینڈ کی قانون ساز اسمبلی میں اس بِل کے حق میں 177 ووٹ ڈالے گئے جبکہ اس کی مخالفت میں صرف دو ووٹ پڑے۔تھائی لینڈ کے موجودہ قوانین کے مطابق سیروگیسی کی قانونی حیثیت واضح نہیں ہے۔

اسی باعث یہ عمل وہاں تجارتی بنیادوں پر جاری تھا۔ تاہم دو حالیہ اسکینڈلز کے بعد اس حوالے سے قانونی سازی کی کوشش کی جا رہی تھی۔ ان میں سے ایک کیس میں سیروگیسی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے ڈاوٴن سینڈروم سے متاثرہ ایک بچے کو اس کے بائیالوجیکل والدین نے جنم دینے والی ماں کے پاس ہی چھوڑ دیا تھا۔ جبکہ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والا یہ جوڑا اس بچے کی جڑواں بہن کو اپنے ساتھ لے گیا تھا۔

یہ معاملہ منظر عام پر آنے کے چند ہفتوں بعد پتہ چلا کے ایک جاپانی شخص نے مختلف متبادل ماوٴں سے کم از کم 10 بچے پیدا کیے ہیں۔ اس شخص کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بعد دنیا میں اپنے ہزاروں بچے چھوڑنا چاہتا ہے تاکہ وہ بنی نوع انسان کی رہنمائی کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :