الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت 50 ناداراور یتیم جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب

ہفتہ 29 نومبر 2014 17:51

پشاور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 29نومبر 2014ء) الخدمت فاؤنڈیشن ضلع پشاور کے تحت50 نادار ، یتیم اور بے سہاراجوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب المرکز اسلامی سردار گڑھی پشاور میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی سراج الحق تھے۔ اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر سید احسان اللہ وقاص ، صوبائی صدر نورالحق ،امیر جماعت اسلامی پشاور صابر حسین اعوان، ضلعی صدر ملک پرویز خان، ضلعی جنرل سیکرٹری فضل اللہ داؤدزئی ، سماجی شخصیت حاجی لقمان الدین، سابق صوبائی وزرا حافظ حشمت خان، کاشف اعظم، علماء کرام سمیت اہم سیاسی وسماجی شخصیات، دلہوں اور دلہنوں کے والدین اور رشتہ داروں نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پورے ملک میں دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے کوشاں ہیں اور ہر مشکل گھڑی میں الخدمت فاؤنڈیشن نے خدمت خلق کی قابل تقلید مثالیں رقم کی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کا اولین فریضہ ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات ان کے گھروں کی دہلیز پر فراہمی ممکن بنائے ۔

حکومت کا کام ہے کہ معاشرے سے غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری ، بدامنی اور کرپشن کا خاتمہ کرے اور عوام کو پرامن اور ترقی یافتہ معاشرہ دیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر محفوظ اور ترقی یافتہ معاشرے کا قیام عمل میں لائے گی ۔ جس میں تعلیم ، صحت کی سہولیات یکساں فراہم ہوگی ۔ معاشرے سے غربت اور مہنگائی اور بدامنی کا مستقل خاتمہ کیا جائے گا۔

بے سہارا لڑکے اور لڑکیوں کے لیے حکومت کی طرف سے شادیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام بحرانوں کا حل صرف اسلامی پاکستان کے قیام سے ہے ۔ کیونکہ اسلامی معاشرے کے قیام سے ہی خوشحال پاکستان بن سکتا ہے۔ تقریب سے صوبائی صدر نورالحق اور ضلعی صدملک پرویز خان نے بھی خطاب کیا ۔ مقررین نے الخدمت فاؤنڈیشن کی فلاحی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے شب و روز مصروف عمل ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن کی خدمات دوسرے اداروں کے لیے قابل تقلید ہیں۔ واضح رہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے مخیر افراد کے تعاون سے 50 نادار جوڑوں کے لیے 55 لاکھ روپے مالیت کا جہیز سیٹس اور دیگر سامان فراہم کردیا ۔تقریب میں دلہوں اور دلہنوں کا نکاح امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے پڑھایا اور تمام جوڑوں کو مبارکباد دی۔ بعدازاں الخدمت فاوٴنڈیشن نے تمام مہمانوں کے لیے دعوت ولیمہ کا اہتمام بھی کیا ۔