بلوچستان یونیورسٹی میں ایم فل، پی ایچ ڈی امیدواروں کو نقل کرتے ہوئے پکڑے جانے کی خبر پر ایم فل اور پی ایچ ڈی کے دیگر اہل طلبہ میں افسوس کی لہر دوڑ گئی

ہفتہ 29 نومبر 2014 21:09

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 29نومبر 2014ء) بلوچستان یونیورسٹی میں گذشتہ دنوں ایم فل، پی ایچ ڈی امیدواروں کو نقل کرتے ہوئے پکڑے جانے کی خبر پہ ایم فل اور پی ایچ ڈی کے دیگر اہل طلبہ کے درمیان افسوس کی لہر دوڑ گئی۔ ان امیدواروں نے اپنے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چند افراد کی اس گھناوٴنی حرکت سے ایم فل اور پی ایچ ڈی کی اعلیٰ ڈگری کے تمام امیدواروں اور طلبہ کی رسوائی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ایم فل اور پی ایچ ڈی کے یہ طالب علم جو بزعمِ خویش خود کو ’اسکالر‘ قرار دیتے ہیں، ان کی اس حرکت نے نہ صرف سب کے سر شرم سے جھکا دیے ہیں، بلکہ اس اعلیٰ ڈگری کا وقار داوٴ پہ لگاتے ہوئے صوبے کے اعلیٰ تعلیمی ادارے کی بدنامی کا باعث بنے ہیں۔ ان طلبہ نے متعلقہ حکام ، وزیراعلیٰ بلوچستان اور وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ ایم فل، پی ایچ ڈی کی سطح پر امتحانات میں نقل کرتے ہوئے پکڑے جانے والے امیدواروں کی رجسٹریشن فوری طور پر منسوخ کی جائے، تاکہ اعلیٰ تعلیم کی ان ڈگریوں کا معیار قائم رہ سکے، اہل امیدواروں کو ان کا حق مل سکے، اور بیرونِ بلوچستان صوبے کی اعلیٰ تعلیمی درس گاہ کا نام بدنام نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :