صنعتی شعبے کی ترقی کیلئے مقدار کے ساتھ ساتھ معیار پر بھی توجہ دینا ہو گی‘چوہدری محمد سرور،

حکومت پہلے دن سے تاجر برادری اور کاروباری طبقے کے مسائل کے حل کیلئے عملی طور پر کوشاں ہے‘ گورنر پنجاب

منگل 2 دسمبر 2014 23:09

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 02 دسمبر 2014ء ) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی ترقی میں کاروباری اور تاجر برادری کا کردار قابل تعریف ہے جو توانائی کے بحران سمیت دیگر مسائل کے باوجود ملک میں کاروباری سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں ، صنعتی شعبے کی ترقی کے لیے مقدار کے ساتھ ساتھ معیار پر بھی توجہ دینا ہو گی اور یہ امر خوش آئند ہے کہ پاکستان کی فاؤنڈری کی صنعت دونوں اعتبار سے ترقی کی سمت گامزن ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پانچویں بین الاقوامی فاؤنڈری کانگریس اور نمائش کے افتتاحی سیشن سے خطاب کے دوران کیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ فاؤنڈری کی صنعت کا تعلق نہ صرف زرعی شعبے بلکہ ہر قسم کی صنعت کے ساتھ منسلک ہے اور اس شعبے کی ترقی کا اثر یقینا دیگر شعبوں پر بھی براہ راست ہو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہاکہ صنعتی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی اصولوں پر عمل کر کے ہم اس صنعت میں موجود ترقی کے مواقعوں سے بھرپور استفادہ کر سکتے ہیں ۔

انہو ں نے کہا کہ محض چند برسوں میں فاؤنڈری کی مصنوعات کی ایکسپورٹ میں تین گنا اضافہ اس شعبے سے وابستہ افراد کی لگن اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ گورنر پنجاب نے پاکستان فاؤنڈری ایسوسی ایشن ، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور سمیڈا کے اشتراک سے اس صنعت کی ترقی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ ایسوسی ایشن تعلیمی اداروں اور انڈسٹری کے درمیان ایک پُل کا کردار ادا کر رہی ہے ۔

چوہدری محمد سرور نے کہا کہ تاجر برادری معاشی سرگرمیوں میں پیش پیش ہونے کے ساتھ ملک میں فلاحی اور انسانی خدمت کے پروگراموں میں بھی سرگرم عمل ہے جو بلا شبہ وطن سے ان کی محبت کی عکاسی کرتا ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ حکومت پہلے دن سے تاجر برادری اور کاروباری طبقے کے مسائل کے حل کے لیے عملی طور پر کوشاں ہے تاکہ معاشی سرگرمیوں کو فروغ دے کر ملک سے غربت اور بے روز گاری جیسے مسائل کا خاتمہ ممکن ہو سکے ۔

انہو ں نے کہا کہ کئی عشروں کے مسائل چند ماہ میں حل کرناممکن نہیں تاہم حکومت اور ان کی معاشی ٹیم جس لگن سے کام کر رہی ہے بہت جلد توانائی کے بحران اور دیگر مسائل پر قابو پا لیا جائے گا۔پاکستان فاؤنڈری ایسوسی کے صدر سکند ر مصطفی خاں نے کہا کہ دوروزہ نمائش میں نہ صرف پاکستان بھر سے فاؤنڈری کی صنعت سے وابستہ تاجر شرکت کر رہے ہیں بلکہ برطانیہ امریکہ ، سویڈن ، اٹلی ، بھارت اور بہت سے یورپی ممالک بھی اس میں شریک ہیں جو اس شعبے میں موجود ترقی کے امکانا ت کا واضح ثبوت ہیں ۔

اس موقع پر گورنر پنجاب نے ایسوسی ایشن کے دس سال مکمل ہونے پر تاجر نمائندوں کو مبارکباددی اور کیک کاٹا ۔بعد ازاں‘بلوچستان اسمبلی کے سپیکر جان محمد جمالی سے گفتگو کرتے ہو ئے گورنر پنجاب چودہری محمد سرور نے کہا کہ جمہوری نظام کا تسلسل اور آئینی اداروں کا استحکام ہی ملک کو درپیش مسائل کا واحد حل ہے اور یہ امر خوش آئند ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اس حوالے سے متحد ہیں - انہو ں نے کہا کہ سیاست میں مذاکرات کا راستہ کبھی ختم نہیں ہوتا اور سیاسی قوتوں کو ہر قسم کے حالات میں مذاکرات کا راستہ اپنا نا چاہیے-چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ملک میں ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے پسماندہ علاقوں پر خصوصی توجہ دینا ہو گی تاکہ دوردراز اورکم ترقی یافتہ افراد کی محرومیوں کو ختم کرنے کا موقع مل سکے ۔

انہو ں نے کہا حکومت ملک کے طول و ارض میں ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے اور ترقیاتی فنڈز کا رُخ پسماندہ علاقو ں کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔بلوچستان اسمبلی کے سپیکر نے کہا کہ جی ایس پلس سٹیٹس کے حصول کے بعد ملک میں تعلیم اور صحت کے شعبے کی ترقی کے لیے گورنر پنجاب کی کوششیں قابل تعریف ہیں ۔

متعلقہ عنوان :