پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام سید ہجویر تصوف سیمینار کا اہتمام

پیر 8 دسمبر 2014 19:51

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 08 دسمبر 2014ء) صوبائی وزیر مذہبی امور و اوقاف میاں عطاء محمد مانیکا نے کہا کہ معاشرے میں بہتری کے لئے صوفیاء کرام کی تعلیمات سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے اس سلسلے میں ہمیں صوفیاء کرام کی لکھی کتب سے استفادہ کرنا چاہے ۔اس موقع پر انہوں نے داتا دربار سے متصل مدرسہ میں حضرت علی ہجویری  کی معروف تصنیف کشف الحجوب کی جلد باقاعدہ تدریس شروع کرانے کا اعلان کیا۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے پنجاب یونیورسٹی اورینٹل کالج کے زیر اہتمام محکمہ اوقاف و مذہبی امور حکومت پنجاب کے اشتراک سے شیرانی ہال میں منعقدہ سید ہجویر تصوف سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔قائمقام وائس چانسلرپنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد احسان ملک ، سیکریٹری اوقاف محمد حسن رضوی، ڈین / پرنسپل اورینٹل کالج پروفیسرڈاکٹر عصمت اللہ زاہد، ڈاکٹر ظہور احمد اظہر، ڈاکٹر محمد اکرم اکرام شاہ، ڈاکٹرغلام معین الدین نظامی، ڈاکٹر سید قمر علی زیدی،مفتی محمد ریاض سیالوی،ڈاکٹر محمد سلطان شاہ، سید محمد سرور چشتی، میاں سلیم اللہ اویسی، فیکلٹی ممبران اور طلباء طالبات کی بڑی تعدادبھی موقع پر موجود تھی۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں قائمقام وائس چانسلرپنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد احسان ملک نے کہا ہے کہ ہمیں کسی مائنڈ سیٹ کے ساتھ نہیں بلکہ مائنڈ کو درست کرنے کے لئے مطالعہ کرنا چاہئے اورزبان و دل کی مماثلت کے بغیر مسائل حل نہیں ہوسکتے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں صوفیاء کرام کی دین کے لئے خدمات کے صلہ میں ان کی تعلیمات پر عمل کرنا چاہئے اور اہلِ دانش کو اپنے کہے پر عمل کرنا چاہیے۔

ظہور احمد اظہر نے اپنے کلیدی مقالے میں حضرت علی ہجویری  کو مرشد ِ لاہور قراردیا جنہوں نے اس شہر کو دین اسلام سے روشناس کرایا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان تصوف کے بارے میں تفریق کا شکار ہیں جبکہ ہمارے صوفیاء کرام رسول اکرم ﷺ کی سنت و پیروی کو تصوف مانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تصوف سوائے کتاب و سنت پر عمل کے کچھ بھی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علی ہجویری  نے اپنی تعلیمات کے ذریعے اس سرزمین کے لوگوں کا مقدر بدل دیا انہوں نے اسلام کا جو بیج برسوں پہلے لگایا تھا وہ آج پھل دار درخت بن چکا ہے۔

سید قمر علی زید ی نے کہا کہ ہمیں کشف الحجوب کا مطالعہ کرنا چاہئے کیونکہ اس کتاب میں زندگی کے کئی اصول وضع کئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر معین نظامی نے کہا کہ کشف المحجوب فارسی زبان میں تصوف کی پہلی کتاب ہے۔ سیداکرم اکرام شاہ نے کہا کہ صوفیاء کرام نے فلاح انسانیت کے لئے بہت کام کیا اور ہمیں ان کی قدر کرنی چاہئے۔ ڈاکٹرمحمد سلطان شاہ نے کہا کہ برصغیر کے حوالے سے صوفیاء کرام کا کردار منفردہے آج ان کی دینی و علمی خدمات کو منظر عام پر لانے کی ضرورت ہے تاکہ مسلم امہ کو درپیش مسائل اور چیلنجزکا مقابلہ کیا جاسکے ۔

متعلقہ عنوان :