پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن چولستان کے مزید بچوں کو تعلیمی سہولیات مہیا کرے گی ، انیلہ سلمان

جمعرات 11 دسمبر 2014 22:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11دسمبر 2014ء) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے نیو سکول پروگرام کے تحت چولستان میں مزید سکول کھلوائے جائیں گے تاکہ صحرائی علاقے کے بچوں با لخصوص لڑکیوں کو گھروں کے نزدیک مفت اور معیاری تعلیم ملے۔یہ بات ایم ڈی پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ڈاکٹر انیلہ سلمان نے پیف ہیڈ آفس میں سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں پیف افسران کے علاوہ مکینزی روڈ میپ ٹیم کے ممبران بھی موجود تھے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے چولستان کے 75سکولوں کے اساتذہ کی جدید خطوط پر تربیت کا پلان مرتب کر لیا ہے۔ اسی طرح دیگر پارٹنر سکولوں کے مالکان و پرنسپلز کی مالیاتی امور میں تربیت بھی شروع کر دی گئی ہے۔ ایم ڈی پیف نے کہا کہ معیاری تعلیم کے حصول میں اساتذہ کا کردار کلیدی ہے لہذا ٹیچرز ٹریننگ کا فالو اپ بھی کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیف کے کوالٹی ایشورنس ٹیسٹ کے ذریعے پارٹنر سکولوں کے معیار تعلیم کو برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایجوکیشن وؤچر سکیم کے شام کے اوقات میں کلاسوں کے پائلٹ پروجیکٹ سے بچہ مزدوروں اور گھریلو ملازمین کو خصوصی فائدہ پہنچے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پارٹنر سکولوں کی حاضری کو مزید بہتر بنانے کے لیے الیکٹرانک رجسٹر کا نظام متعارف کروایا جا رہا ہے ، اس سے شفافیت کا معیار مزید بہتر ہو گا ۔

اسی طرح پارٹنر سکولوں کو کمپیوٹرز کی خریداری کے لیے سافٹ لون بھی مہیا کیے گئے ہیں ۔اجلاس میں پارٹنر سکولوں کو آئندہ تعلیمی سال کی نصابی کتب کی بروقت فراہمی کا جائزہ لیاگیا ۔دریں اثناء ایک دوسرے محکمانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایم ڈی پیف ڈاکٹر انیلہ سلمان نے ہدایت کی کہ سٹوڈنٹ انفارمیشن سسٹم کے ریکارڈ کوباقاعدگی سے اپ ڈیٹ کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :