ہر نوجوان کو انتہاء پسندی،قانونی شکنی اور دہشت گردی پر منتج ہونے والی ذہنیت کے خلاف آواز اٹھانا ہو گی‘ رانا مشہود احمد ،

یوتھ والنٹیئرفورس فار پیس میں رجسٹر ڈ ہونیوالے تین لاکھ نوجوانوں کو تھانے کی سطح پر ڈیوٹیاں تفویض کی جائیں گی‘ وزیر تعلیم و امور نوجوانان

پیر 29 دسمبر 2014 23:29

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29دسمبر 2014ء) وزیر تعلیم وامور نوجوانان پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور بقا ء معاشرے میں پائیدار امن اوربلا امتیاز عدل وانصاف کی فراہمی سے مشروط ہے،پاکستان کو بچانا ہے تو نوجوانوں کو اپنی زندگی کا بہترین وقت معاشرے میں قیام امن کے لئے وقف کرناہو گا،اس مقصد کے لئے حکومت پنجاب نے صوبے میں تین لاکھ ”یوتھ والنٹیئرز فار پیس“ کی فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے ضلع وار رجسٹریشن کا عمل اگلے چند روز میں شروع کر دیا جائے گا۔

پیر کے روز انٹرنیشنل ینگ لیڈرز کانفرنس کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے میں نمایاں کردار ادا کرنے والے وزیراعلی یوتھ موبلائزیشن کمیٹی کے ارکان اور نوجوان والنٹیئرطلبا وطالبات کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب سے خطاب میں رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ اچھائی کی ترویج اور سماجی خرابیوں کی نشاندہی کرنا ہمارا قومی اور دینی فریضہ ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان سے محبت کرنے والے ہر نوجوان کو معاشرے میں پنبنے والی انتہاء پسندی،قانونی شکنی اور دہشت گردی پر منتج ہونے والی ذہنیت (مائنڈ سیٹ)کے خلاف آواز اٹھانا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ یوتھ والنٹیئرفورس میں رجسٹر ڈ ہونے والے نوجوانوں کو تھانے کی سطح پر ڈیوٹیاں تفویض کی جائیں گی اور صوبائی محکمہ امور نوجوانان ِاس فورس کی تمام سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کرے گا۔

آپ کوئی بھی اچھا کام کریں گے تو لوگ خود بخود اس کی تقلید کرنے لگیں گے۔پاکستان کو آگے لے کر جانے میں تین لاکھ نوجوانوں کی یہ فورس بہت اہم کردار ادا کرے گی اور وزیراعلی یوتھ موبلائزیشن کمیٹی اس میں ہر اول دستہ بنے گی۔انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کی تحریک میں علی گڑھ یونیورسٹی کے سٹوڈنٹس نے بہت اہم کردار ادا کیا تھا حالانکہ وہ اچھی طرح اس حقیقت سے واقف تھے کہ ان کے آبائی علاقے پاکستان میں شامل نہیں ہو سکیں گے۔

وہ انڈیا میں ہی رہ گئے لیکن تحریک پاکستان میں انہوں نے جس نیک نیتی اور جذبے کے ساتھ حصہ لیا تھا ،اس نے ان نوجوانوں کو اس قابل بنا دیا کہ وہ ناساز گار ماحول میں بھی ہندؤوں کا مقابلہ کرکے کلیدی پوسٹوں پر فائز ہوئے۔رانامشہود احمد خاں نے کہا کہ رضاکارانہ طور پر سماجی بھلائی اور قومی مفاد کے کاموں میں حصہ لینے سے بظاہر یہ لگتا ہے کہ نوجوان شاید اپنا وقت ضائع کررہے ہوں لیکن رضا کارانہ خدمت کی بدولت ان کی استعداد کار (کیپسٹی) میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیک نیتی ،عزم،ہمت اور خود اعتماد ی ہی دنیا میں کامیابی کی اصل کنجی ہے۔نوجوان نسل ہی ان اوصاف کو بروئے کار لا سکتی ہے کیونکہ نوجوانوں میں کچھ کر گزرنے کا جذبہ بدرجہ اتم موجود ہوتا ہے جبکہ ڈھلتی ہوئی عمر کے لوگ خواہ کتنے ہی دیانتدار ہوں،زندگی کے بعض معاملات میں وہ مصلحت پسند رویے اختیار کر لیتے ہیں۔رانا مشہود احمد خا ں نے اس موقع پر اعلان کیا کہ 2015 کے آغاز میں جش بہاراں کے تمام ایونٹس میں وزیراعلی یوتھ موبلائزیشن کمیٹی کو نمایاں کردار تفویض کیا جائے گا۔

انہوں نے اس موقع پر آئی ٹی سکیورٹی میں دنیا کے سب سے کم عمر مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ سپیشلسٹ آٹھ سالہ محمد ہزیر اعوان اور او آئی سی یوتھ سیکرٹریٹ کے رکن شمعون احمد شاہ کو خصوصی شیلڈز بھی پیش کیں۔

متعلقہ عنوان :