تعلیم عام کرنے اور اطلاعات کے حصول و رسائی میں نوجوان اہم کردار ادا کرسکتے ہیں،گورنر سندھ

جمعہ 16 جنوری 2015 14:56

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 جنوری 2015ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں جہالت کے خاتمے ، تعلیم عام کرنے اور اطلاعات کے حصول و رسائی میں نوجوان اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان معاشرے میں کسی بھی مسئلے کی نشاندہی کریں میں آپ کے ساتھ چلوں گا اور جو ہو سکا کروں گا یہ ہمارے دین کی بھی تعلیم ہے کہ برائیوں کا ہر صورت خاتمہ کیا جائے نوجوان بھرپور حصہ لیں اور اپنی اونر شپ دیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف ٹی سی میں یوتھ پارلیمنٹ کے زیر اہتمام یوتھ کنونشن 2015 ء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کنونشن میں سینیٹر عبد الحسیب خان ، رکن صوبائی اسمبلی ناصر حسین شاہ ، مسلم لیگ (ق) کے صوبائی صدر حلیم عادل شیخ ، سیکریٹری اسپورٹس اینڈ افیئرز لئیق احمد ، سی پی ایل سی کے چیف احمد چنائے ، معروف سماجی کارکن انصار برنی ، یوتھ پارلیمنٹ کے چیئرمین و بانی رضوان جعفر سمیت دیگر بھی شریک تھے ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ جو یوتھ پارلیمنٹ کے چیف پیٹرن بھی ہیں نے کہا کہ دنیا میں پاکستا ن واحد ملک ہے جہاں کی زیادہ تر آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جسے ہم سرمایہ بنائیں گے ہمارے یہاں ترقی کی گنجائش بہت ہے نوجوانوں کی وجہ سے ہمیں پر امید ہونا چاہئے جو وقت پڑنے پر ملک کے لئے جان دینے اور مشکلات میں کام کرنے کا حوصلہ اور عزم رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور کے بعد ہر ایک سوچتا ہے کہ ملک پر امن ہو اور یہاں سے دہشت کا خاتمہ ہو یہ ایک مائنڈ سیٹ کی جنگ ہے جس کا اثر ملک کے اندر ہے جس کا معلوم نہیں ہو تا کہ کب اور کہا ں تباہی مچا دے ۔

انہوں نے کہا کہ مارچ 2013 ء میں سانحہ عباس ٹاؤن میں بہت سارے لو گ شہید اور دو اپاٹمنٹ مکمل تباہ ہوئے اس ضمن میں کئی سنگین تھریٹس اور سنجیدہ اطلاعات بھی تھیں پھر مئی میں عام انتخابات بھی ہونا تھے ہم نے مشترکہ ایکشن طے کئے اور تمام وسائل کو جمع کیا اور چار بڑے جرائم دہشت گردی ، بھتہ خوری ، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا ء برائے تاوان پر فوکس رکھا چونکہ نیت صاف تھی اس لئے کامیابیاں بھی حاصل ہوئیں آج صورت حال یہ ہے کہ اغوا ء برائے تاوان میں بہت حد تک کمی آئی ہے بھتہ خوری میں 60 سے 70 فیصد تک کمی اور ٹارگٹ کلنگ میں خا طر خواہ کمی آئی ،الحمد اللہ عام انتخابات بھی پر امن ماحول میں ہوئے مئی کے انتخابات میں کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ نہیں ہوا حالانکہ بہت ہی خطرناک تھریٹس تھے پھر مارچ وزیر اعظم کراچی تشریف لائے انہوں نے بھی ان چار جرائم پر ہی فوکس رکھا ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں سینکڑوں عباس ٹاؤن طرز کی پلاننگ کی گئیں لیکن مارچ سے اب تک کوئی بھی ایسا نا خوشگوار واقعہ نہیں ہو جس کی وجہ قانون نا فذ کرنے والے ادارے تیز رفتاری اور بڑے جوش اور جذبے سے کام کررہے ہیں ہمیں ہر پلیٹ فارم پر اپنی فوج ، رینجرز ، پولیس اور دیگر قانون نا فذ کرنے والے ادروں کو زبر دست خراج تحسین پیش کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب ترقی کرنا چاہتے ہیں لیکن چند مٹھی بھر عناصر زبر دستی اپنا نظریہ حیات مسلط کرنا چاہتے ہیں ہمیں پیچھے نہیں ہٹنا ہماری ملک کی مٹی میں بڑی طاقت ہے ہم آج جو کچھ بھی ہیں اس ملک کی وجہ سے ہیں ہم سب اپنے پیارے وطن کی حفاظت کرینگے ۔ کنونشن سے خطاب میں معروف سماجی کارکن انصار برنی نے کہا کہ گورنر سندھ صوبے سمیت پورے ملک میں خدمات انجام دے رہے ہیں گورنر ہاؤس میں بیٹھا یہ فرشتہ ناممکن کو ممکن بنا رہاہے جس پر کنونشن میں موجود تمام افراد نے کھڑے ہو کر گورنر سندھ کو زبر دست خراج تحسین پیش کیا ۔ انصار برنی نے کہا کہ سانحہ پشاور کے شہید بچے آج بھی زندہ ہیں ان بچوں نے ہمیں بھی نئی زندگی اور نیا پاکستان دیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :