حزب اللہ اسرائیل سے نئی جنگ نہیں چاہتی: حسن نصراللہ

اتوار 1 فروری 2015 16:48

حزب اللہ اسرائیل سے نئی جنگ نہیں چاہتی: حسن نصراللہ

بیروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔1فروری۔2015ء) لبنان کی جنگجو تنظیم حزب اللہ کے سربراہ شیخ حسن نصر اللہ نے کہا ہے کہ ان کی شیعہ ملیشیا اسرائیل کے ساتھ نئی محاذ آرائی نہیں چاہتی ہے لیکن ساتھ ہی انھوں نے صہیونی فوج کو خبردار بھی کیا ہے کہ اگر اس نے حملہ کیا تو وہ تنازعے کو لبنان کی سرحدوں سے ماورا لے جانے سے بھی نہیں ہچکچائے گی۔انھوں نے جمعہ کو بیروت کے جنوبی علاقے میں اپنے مضبوط گڑھ میں ایک ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے ہزاروں حامیوں سے خطاب کیا ہے۔

انھوں نے کہا ہے کہ ''اسرائیل کی جانب سے مستقبل میں کسی حملے کی صورت میں ان کی ملیشیا کا ردعمل صرف لبنانی علاقے تک محدود نہیں رہے گا''۔انھوں نے کہا کہ ''ہم جنگ نہیں چاہتے ہیں لیکن مزاحمت (حزب اللہ) عسکری لحاظ سے جنگ کے لیے بالکل تیار ہے اور ہم جنگ سے خوفزدہ نہیں ہیں''۔

(جاری ہے)

حسن نصراللہ نے یہ تقریر لبنان کی جنوبی سرحد پر شبعافارمز کے علاقے میں حزب اللہ کے اسرائیلی فوج پر میزائل حملے کے دوروز بعد کی ہے۔

بدھ کو اس حملے میں دواسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔لبنانی ملیشیا نے یہ حملہ 18 جنوری کو شام کے سرحدی صوبے القنیطرہ میں اپنے ایک قافلے پر اسرائیلی فوج کی فضائی بمباری کے ردعمل میں کیا تھا۔اس حملے میں پاسداران انقلاب ایران کا ایک جنرل اور حزب اللہ کے چھے جنگجو مارے گئے تھے۔حزب اللہ کے سربراہ کا کہنا تھا:''میں یہ واضح کردینا چاہتا ہوں کہ مزاحمت تادیر محاذ آرائی کے قواعد وضوابط کو تسلیم نہیں کرے گی۔یہ ہمارا قانونی اور اخلاقی حق ہے کہ ہم دشمن کا کسی بھی وقت ،کسی بھی جگہ اور کسی بھی مناسب طریقے سے مقابلہ کریں''۔ وہ تقریر کے دوران مطمئن اورپُرعزم نظر آرہے تھے۔

متعلقہ عنوان :