پنجاب میں انسداد خسرہ مہم کشمیر ڈے اور اتوار کو بھی جاری رہے گی

منگل 3 فروری 2015 17:25

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03فروی 2015ء) سیکرٹری صحت پنجاب جواد رفیق ملک نے کہا ہے کہ صوبہ میں خسرہ مہم کشمیر ڈے 5 فروری اور اتوار8 فروری کی چھٹیوں میں بھی جا ری رہے گی اور تمام اضلاع کے ای ڈی او صاحبان خسرہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے مہم کی ذاتی نگرانی کریں گے۔انہوں نے ہدایت کی انسداد خسرہ مہم میں 2 کروڑ 80 لاکھ سے زائد بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کا ٹارگٹ ہرصورت حاصل کیا جائے۔

انہوں نے یہ ہدایات اعلی سطحی محکمانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں جس میں ڈی ڈی ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز ، ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر منیر احمد ، یونیسف ، عالمی ادارہ صحت اور بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے نمائندوں کے علاوہ محکمہ کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ سیکرٹری صحت نے کہا کہ حکومت نے خسرہ مہم کے لیے خطیر رقم اور وسائل مہیا کیے ہیں اور اس مہم کو کامیاب بنانا سب کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

یہ مہم 29 جنوری کو شروع ہوئی اور9 فروری تک جاری رہے گی۔ اب تک (3 فروری) اس مہم میں تقریبا 2 کر وڑ10 لاکھ بچوں کو خسرے کے ٹیکے لگاے جا چکے ہیں۔ میٹنگ میں وزیر ا علی کی روڈ میپ ٹیم نے بھی اضلاع کی کار کردگی کے اعدادوشمار پیش کیے اور تقابلی جا ئزہ پیش کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز نے محکمہ کے افسران کو کہا کہ خسرہ کے تدارک کے لئے کم ازکم 95 فیصد کوریج کو یقینی بنائیں ۔

متعلقہ عنوان :