کراچی، تعلیم کے میدان میں اقلیتی برادری کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، گیان چند اسرانی

بدھ 29 اپریل 2015 16:31

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29اپریل۔2015ء ) صوبائی وزیر اقلیتی امور ‘ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ‘ خوراک ‘ جنگلات و جنگلی حیات گیان چند اسرانی نے کہا ہے کہ اقلیتی برادری پاکستان کی خوشحالی و ترقی میں اپنا کردار بھرپور طریقہ سے ادا کررہی ہے بالخصوص تعلیم کے میدان میں پاکستان کی اقلیتی برادری کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹ پیٹرک کالج میں منعقد تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ مشنری اسکول اور کالج میں ذہین طلباء اپنے اداروں کا نام روشن کررہے ہیں جس کے لئے سینٹ پیٹرک کالج کی انتظامیہ دن رات محنت کررہی ہے ۔ میرے لئے بڑے فخر اور مسرت کی بات ہے کہ جس کالج میں میرے قائد محترم آصف علی زرداری نے تعلیم حاصل کی ہے اس میں مجھے بحیثیت مہمان خصوصی مدعو کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

یہ کالج 1952 ء سے تعلیم میں نمایاں کارکردگی کے حوالے سے اپنی پہچان رکھتا ہے مجھے یہ بتاتے ہوئے بڑی خوشی ہو رہی ہے کہ محترم آصف علی زرداری صاحب کے احکامات پر سندھ حکومت نے اس انمول تعلیمی ادارے کے لئے خصوصی اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔

صوبائی وزیر نے اسکالر شپ پروگرام کے لئے کالج انتظامیہ کو بیس لاکھ روپے دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ رقم ذہین طلباء و طالبات کی تعلیمی کاوشوں کی تکمیل میں معاون ثابت ہوگی ۔ اس موقع پر بشپ کیتھولک چرچ آف پاکستان جوزف کورٹس‘ پرنسپل شمیم خورشید‘ سابقہ ایم پی اے انور لعل ڈین ‘ جنرل سیکریٹری کیتھولک بورڈ ایجوکیشن انتھونی اور فادر ماریونے بھی خطاب کیا اور صوبائی وزیر کی اقلیتی برادری کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے لئے بہترین اقدامات کررہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :