چترال،جشن کاغلشٹ تین روز جاری رہنے اور موسم بہار کی رنگینیوں میں چارچاند لگانے کے بعد اختتام پذیر ہوگیا

لوک کھیلوں اور ثقافتی شو کے علاوہ پولو ، فٹ بال اور کرکٹ کے مقابلے ہوئے

بدھ 29 اپریل 2015 17:21

چترال ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29اپریل۔2015ء) جشن کاغلشٹ تین روز جاری رہنے اور موسم بہار کی رنگینیوں میں چارچاند لگانے کے بعد منگل کے روز احتتام پذیر ہوگیا جس میں لوک کھیلوں اور ثقافتی شو کے علاوہ پولو ، فٹ بال اور کرکٹ کے مقابلے ہوئے مستوج کے تینوں وادیوں موڑکھو، تورکھو اور مستوج سے ہزار وں تماشائیوں نے کاغلشٹ کی وسیع وعریض بیابان میں چار دن تک ایک شہر بسائے رکھا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے اسپیشل اسسٹنٹ برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی فیسٹو ل کی احتتامی تقریب میں مہمان خصوصی تھے جس نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے اورحاضرین سے خطاب کرتے ہوئے علاقے کی ترقی کے لئے متعدد اعلانات کئے جن میں کاغلشٹ ہاؤسنگ کا قیام، مستوج تحصیل کو ضلع کا درجہ دینے کے لئے کوشش کرنا، سیاحت کی ترقی کے ذریعے روزگار کے بڑے تعداد میں مواقع پیدا کرنے اور شندور فیسٹول کو شایان شان اندازمیں منانا شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی طرف سے یہ خوشخبری اہالیان چترال کو سنانے آئے ہیں کہ کاغلشٹ میں جدید سہولیات اور جدیدتریں تقاضوں سے ہم آہنگ ایک ہاؤسنگ اسکیم کا آغاز کیا جارہا ہے جوکہ پشاور کی حیات آباد کی طرز پر ڈیزائن ہوگی ۔ا نہوں نے کہاکہ اس ہاؤسنگ اسکیم میں ناداروں، بیواؤں ، یتیموں ، دہشت گردی کے خلاف جنگ سے متاثریں اور ان کے لواحقین سمیت میڈیا کے کارکنوں کے لئے پانچ پانچ مرلے کے دو ہزار پلاٹ مختص ہوں گے۔

ڈاکٹر امجد نے کہاکہ جدید سہولیات سے آراستہ ایک نئی شہر اپر چترال میں آباد میں ہونے سے یہاں ترقی کا رفتار تیزہوگا جس سے غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ اس اسکیم پر فیز وائز کام کا آغاز کیا جائے گا اور مستقبل میں یہ صوبے کا سب سے بڑا ہاؤسنگ اسکیم بن جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ شندور فیسٹول کو انٹرنینشل ایونٹ بناکر سیاحت کو ترقی دی جائے گی ۔

اس موقع پر انہوں نے وضاحت سے کہاکہ شندور خیبر پختونخوا کا ہی حصہ ہے اور اس کا حصہ رہے گا لیکن یہاں بعض لوگ اس بارے میں تنازعہ پیدا کرنا چاہتے ہیں جس کی ہرگزاجازت نہیں دی جائے گی۔بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ چترال میں پی ٹی آئی اور پی پی پی کا مشترکہ حکومت قائم ہوگا۔ اس سے قبل مقامی ایم پی اے سید سردار حسین شاہ نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کاشکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے چترال کی ترقی کی طرف بھر پور توجہ دی ہے جس کا ثبوت یہ ہے کہ مستوج سب ڈویژن میں ان کے حلقہ نیابت کے صرف ایک یونین کونسل میں اس وقت27 کروڑ بیس لاکھ روپے کے منصوبے زیر تکمیل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اگلے سال سے کاغلشٹ فیسٹول کو صوبائی حکومت کے کیلنڈر میں شامل کیا جائے گااور شندور فیسٹول کے بعد اس کا دوسرا نمبر ہوگا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے سینئر رہنما رحمت غازی خان نے کھیلوں اور ثقافت کی ترقی پر توجہ دینے پر وزیر اعلیٰ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ کاغلشٹ ہاؤسنگ اسکیم کی طرف توجہ بھی پی ٹی آئی کی لیڈرشپ نے دلائی تھی جس پر انہوں نے منظوری دے کر عوام کا دل جیت لیاہے۔ اسسٹنٹ کمشنر مستوج، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بونی محمد صالح، چترال سکاوٹس کے لیفٹیننٹ کرنل طاہر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ فٹ بال کا فائنل جغور کلب، ولی بال کو چترال سکاوٹس ، کرکٹ کو دروش کلب اور پولو کو بونی ٹیم نے جیت لیا۔

متعلقہ عنوان :