میئر کراچی کی 25افسران کو محکمہ انفورسمنٹ اینڈ امپلی مینٹیشن کے ایم سی میں بطور انسپکٹر تعینات کرنے کی منظوری

یہ تمام افسران کراچی کے تمام ٹائونز میں سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے تحت قوانین پر عملدرآمد میں معاونت فراہم کریں گے،مرتضیٰ وہاب

منگل 30 اپریل 2024 21:47

میئر کراچی کی 25افسران کو محکمہ انفورسمنٹ اینڈ امپلی مینٹیشن کے ایم ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف محکموں سے تعلق رکھنے والے 25افسران کو محکمہ انفورسمنٹ اینڈ امپلی مینٹیشن کے ایم سی میں بطور انسپکٹر تعینات کرکے متعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی علاقائی حدود میں شہری قوانین پر موثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جاسکے، یہ افسران سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 ( ترمیم شدہ 2023) کے باب XV کے مطابق متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے ساتھ کام کریں گے اور اس کی رپورٹ ماہانہ بنیاد پر ڈائریکٹر انفورسمنٹ اینڈ امپلی مینٹیشن کو پیش کریں گے، تفصیلات کے مطابق لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل اور ماڈل کالونی ٹائون کے انسپکٹرز ڈپٹی کمشنر کورنگی کے پاس ڈیوٹی دیں گے جبکہ نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد، نیو کراچی، گلبرگ اور ناظم آباد ٹائون کے انسپکٹرز ڈپٹی کمشنر وسطی ، صدر اور لیاری ٹائون کے انسپکٹرز ڈپٹی کمشنر جنوبی ، گلشن اقبال، چینیسر، جناح، صفورہ اور سہراب گوٹھ ٹائون کے انسپکٹرز ڈپٹی کمشنر شرقی، ملیر، گڈاپ اور ابراہیم حیدری کے انسپکٹرز ڈپٹی کمشنر ملیر، ماڑی پور، بلدیہ اور موریرو میر بحر ٹائون کے انسپکٹرز ڈپٹی کمشنر کیماڑی جبکہ منگھوپیر، مومن آباد اوراورنگی ٹائون کے انسپکٹرز ڈپٹی کمشنر ویسٹ کے ساتھ ڈیوٹی دیں گے، بلدیہ عظمیٰ کراچی نے سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 ( ترمیم شدہ 2023) کے سیکشن 133(ii)، باب XV اور کے ایم سی کونسل قرار داد نمبر 9، مورخہ 7 دسمبر 2023 کے تحت محکمہ لینڈ ، اینٹی انکروچمنٹ، کچی آبادی، چارجڈ پارکنگ، لینڈ لیز، پارکس اور انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ میں تعیناتی کے منتظر 25 افسران کو محکمہ ا نفورسمنٹ اینڈ امپلی مینٹیشن بلدیہ عظمی کراچی میں بطور انسپکٹرز تعینات کیا ہے،یہ تمام افسران متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ رابطے میں رہیں گے اور کراچی کے تمام ٹائونز میں سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے تحت قوانین پر عملدرآمد میں معاونت فراہم کریں گے۔