اشیائے خوردونوش سمیت 40اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ تشویشناک ہے‘ ناصر رمضان

پیر 11 مئی 2015 16:49

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 مئی۔2015ء)پاکستان مسلم لیگ (ق) لاہور کے سیکرٹری اطلاعات ناصر رمضان گجر نے روزمرہ اشیائے خوردونوش سمیت 40 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے رمضان بازاروں کے قیام اور اربوں روپے سبسڈی کے اعلان کے فوراً بعد ہی اشیائے خوردونوش سمیت دالوں ،چنے ، چینی، گھی ، چائے سمیت تیس سے چالیس اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور بعد میں کمی عوام کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے۔

اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں رمضان سے قبل ہوشربا اضافہ اور بعد میں رمضان بازاروں میں چند روپے کمی عوام کا استحصال ہے ۔ناصر رمضان گجر نے کہا کہ حالیہ اضافوں کے باوجود پرائس اینڈ کنٹرول کمیٹی نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کی روک تھا م کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کا نوٹس لے اور عوام کو منافع خوروں سے نجات دلائے انہوں نے کہا کہ کئی سالوں سے یہ پریکٹس دیکھنے میں آرہی ہے کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کردیا جاتا ہے جو غریب اور سفید پوش عوام کے ساتھ زیادتی ہے حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے عوام کو ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں سے نجات دلائے ۔