سائنسدان اور منصوبوں کے منتظمین بلوچستان میں مال مویشیوں کی افزائش کے فروغ پر توجہ مرکوز کریں ٗ ڈاکٹر افتخار احمد

مویشی پال کسانوں کی جدید خطوط پر نئی ٹیکنالوجی پر تربیت کرنا ہوگی ٗ خطاب

پیر 11 مئی 2015 20:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 مئی۔2015ء) پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل (پی اے آر سی) کے چیئرمین ڈاکٹر افتخار احمد نے سائنسدانوں اور منصوبوں کے منتظمین پر زور دیا ہے کہ وہ ملک کے پسماندہ علاقوں بالخصوص بلوچستان میں مال مویشیوں کی افزائش کے فروغ پر توجہ مرکوز کریں۔ وہ پیر کو یہاں مال مویشیوں کی افزائش کی مستقبل کی پالیسیوں میں بہتری کیلئے حالیہ مطالعاتی رپورٹ پر تبادلہ خیال کیلئے بلائی گئی شراکت داروں کی دو روزہ ورکشاپ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

اس دو روزہ ورکشاپ کا اہتمام پی اے آر سی اور بین الاقوامی تحقیقی ادارہ برائے مال مویشیاں (آئی سی آر آئی) نے مشترکہ طور پر کیا ہے جس میں بین الاقوامی مرکز برائے زرعی تحقیقی بنجر علاقہ جات (آئی سی اے آر ڈی اے) اور امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس اے آئی ڈی) ضلعی شعبہ پاکستان میں ثقافتی جدت پروگرام (اے آئی پی) کا تعاون بھی حاصل ہے۔

(جاری ہے)

پی اے آر سی کے چیئرمین ڈاکٹر افتخار احمد نے زور دیا کہ ان علاقوں میں منصوبوں کا آغاز کیا جائے جو نظر انداز ہوئے ہیں۔ خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر، بلوچستان اور دیگر علاقوں جن کا پہلے تخمینہ لگایا جا چکا ہے پر زیادہ توجہ مرکوز کرنا ہوگی تاکہ ان علاقوں کے نادار مویشی پال کسانوں کو ترقی مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مویشی پال کسانوں کی جدید خطوط پر نئی ٹیکنالوجی پر تربیت کرنا ہوگی تاکہ مال مویشیوں کی افزائش اور انتظام کو بہتر بنا کر مال مویشیوں کے شعبہ کو ترقی دی جا سکے اور ان علاقوں کے کاشتکاروں کو انکے مویشیوں اور ان سے حاصل ہونے والی پیداوار کا جائز منافع حاصل ہو سکے۔

اس موقع پر پی اے آر سی کے ممبر علوم مویشیاں ڈاکٹر شاہد رفیق نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ دیہی علاقوں سے غربت کے خاتمہ کیلئے مال مویشی بہت زیادہ اہمیت کے حامل ہیں تاہم انہوں نے مناسب حصول اور منڈی کے روابط کی ضرورت پر زور دیا تاکہ جائز منافع حاصل ہو سکے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ یہ ورکشاپ منصوبوں پر منتظمین کی استعداد کار میں اضافے کیلئے مفید ثابت ہوگی جن کا انعقاد ملک کے دیگر علاقوں میں بھی ہونا چاہیے۔ اس موقع پر ڈاکٹر شاہد مسعود، ڈاکٹر ندیم امجد، ڈاکٹر ایم عظیم، سردار غلام مصطفی سمیت دیگر نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :