وزیراعلیٰ کے حکم پر ضلع راجن پور میں قبضہ مافیا سے ہزاروں ایکڑ سرکاری اراضی واگزار

قبضہ مافیااربوں روپے مالیت کی زرخیز زمین پر برسوں سے قابض تھا‘قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن جاری رہیگا،ترجمان پنجاب حکومت

اتوار 17 مئی 2015 16:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 مئی۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر صوبے میں محکمہ جنگلات اور صوبائی حکومت کی زمین پر ناجائز قابضین اور قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن جاری ہے جس کے تحت 4فروری سے 13مئی تک صرف ضلع راجن پور میں محکمہ جنگلات کی 8896ایکڑ اور صوبائی حکومت کی ملکیت 6916 ایکڑ زمین قبضہ مافیا سے واگزار کرا لی گئی ہے اور راجن پور میں قبضہ مافیا سے زمین واگزار کرانے کا ہدف 100فیصد حاصل کرلیا گیا ہے۔

ترجمان حکومت پنجاب نے راجن پور میں قبضہ مافیا سے زمین واگزار کرانے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر وزیرجنگلات محمد آصف بھاہ، سیکرٹری جنگلات میجر(ر) شیرعالم محسود، کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن امجد ثاقب اور ڈی سی او راجن پورغازی امان اللہ پر مشتمل ایکشن کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں محکمہ مال کے علاوہ پولیس کے اعلیٰ حکام بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ترتیب دیئے گئے ایکشن پلان کے مطابق تمام ناجائز قابضین سے محکمہ جنگلات اور صوبائی حکومت کی اربوں روپے مالیت کی زمین واگزار کرا لی گئی ہے جو ضلع راجن پورکے 16مواضعات میں واقع ہے۔اس میں رکھ بیٹ باغشاہ میں 1190ایکڑ، رکھ کوٹلہ شیر محمد میں 738ایکڑ، رکھ ٹھل سنگھراج میں 3007، رکھ ڈاسا میں 162، نورپور شرقی میں 2ایکڑ،نورپور غربی میں 256، رکھ بیٹ سونترہ میں 120، رکھ بنگالہ میں 80، رقبہ نصیر میں 32ایکڑ، رکھ تونگ میں27، مڈمولوی میں 23ایکڑ، نوشہرہ میں91، کوٹلہ عیسن 45، رکھ خانواہ میں945، ریگستان شمالی میں40ایکڑ اور رکھ عظمت والا میں2034ایکڑ زمین واگزار کرا کے قبضہ محکمہ جنگلات کے افسران کے حوالے کردیاگیا ہے۔

ترجمان نے مزیدکہاکہ راجن پور میں محکمہ جنگلات کی واگزار کرائی گئی8896ایکڑ زمین انتہائی زرخیز ہے۔ علاوہ ازیں ضلع راجن پور کے تین مواضعات میں صوبائی حکومت (سٹیٹ لینڈ) کی 6923ایکڑ زمین پربھی ناجائز قابضین براجمان تھے ان قابضین سے 6916ایکڑ زمین کا قبضہ واپس لے لیاگیا ہے جبکہ 7ایکڑ زمین زیرآبادی ہے جنہیں نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔ تفصیل کے مطابق رکھ کوٹلہ شیر محمد میں صوبائی حکومت کی ملکیت 558ایکڑ، رکھ کوٹلہ عیسن میں 5336اور رکھ عظمت والا میں 1022ایکڑ رقبہ کا قبضہ واپس لیاگیا ہے۔

اس آپریشن میں محکمہ جنگلات ، محکمہ مال، محکمہ پولیس کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کے افسران اور اہلکاران نے حصہ لیا اور پرامن طریقہ سے ساری کارروائی مکمل ہوئی۔ ضلع راجن پور کے معروضی حالات اور مخصوص قبائلی طرز زندگی کو مدنظر رکھتے ہوئے حکام نے انتہائی مشکل حالات میں ہزاروں ایکڑ سرکاری زمین سے قبضہ واگزار کرا کے بہت بڑی کامیابی حاصل کی ہے اورضلع راجن پور میں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی جانب سے دیاگیا ٹاسک 100فیصد مکمل کرلیاگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی رٹ ہرصورت قائم کی جائے گی اور آئندہ کسی شخص کو سرکاری زمین پر قبضہ کرنے کی جرأت نہیں ہوگی۔

متعلقہ عنوان :