مالی سال 2015ء کے ابتدائی 10 مہینوں میں زرعی قرضوں کی تقسیم بڑھ کر 368.7 ارب روپے ہو گئی

بدھ 20 مئی 2015 21:10

کراچی ۔ 20 مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20مئی۔2015ء) رواں مالی سال (جولائی 2014ء تا اپریل 2015ء) کے ابتدائی 10 مہینوں کے دوران بینکوں نے 368.7 ارب روپے کے زرعی قرضے تقسیم کئے جو 500 ارب روپے کے مجموعی سالانہ ہدف کا 73.7 فیصد اور گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کی تقسیم کردہ رقم 288.4 ارب روپے سے 28 فیصد زیادہ ہے۔ زرعی قرضے کا واجب الادا پورٹ فولیو 35.6 ارب روپے یا 12.7 فیصد بڑھ گیا ہے، یعنی پچھلے سال کی اسی مدت کے 280.7 ارب روپے سے بڑھ کر آخر اپریل 2015ء میں 316.3 ارب روپے ہو گیا۔

پانچ بڑے بینکوں نے بطور گروپ 186.9 ارب روپے یا اپنے سالانہ ہدف کا 74 فیصد اور دو تخصیصی بینکوں (زیڈ ٹی بی ایل اور پی پی سی بی ایل) نے بھی 71.2 ارب روپے یا اپنے 101.5 ارب روپے کے ہدف کا 70.1 فیصد تقسیم کئے۔ 15 ملکی نجی بینکوں نے مجموعی طور پر اپنے 15.6 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 81.8 ارب روپے یا اپنے ہدف کا 70.8 فیصد تقسیم کیا۔

(جاری ہے)

8 مائیکرو فنانس بینک اپنے سالانہ ہدف میں سے 24.2 ارب روپے یا 85.9 فیصد تقسیم کر چکے ہیں جبکہ 4 اسلامی بینک بطور گروپ پہلے ہی اپنے سالانہ اہداف سے تجاوز کر چکے ہیں اور انہوں نے زیر جائزہ مدت میں 2.3 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 4.6 ارب روپے تقسیم کئے تھے۔

پانچ بڑے بینکوں میں حبیب بینک لمیٹڈ نے اپنے سالانہ ہدف کا 85.8 فیصد، ایم سی بی بینک نے اپنے سالانہ اہداف کا 83.8 فیصد حاصل کر لیا۔ یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ نے 81.3 فیصد، نیشنل بینک آف پاکستان 63.4 فیصد جبکہ الائیڈ بینک لمیٹڈ اپنے ہدف کا صرف 55.5 فیصد حاصل کر سکا۔ تخصیصی بینکوں میں زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ نے 64.8 ارب روپے تقسیم کئے جو اس کے 90.0 ارب روپے کے ہدف کا 72 فیصد ہے جبکہ پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک لمیٹڈ نے زیر جائزہ مدت کے دوران 6.3 ارب روپے تقسیم کر کے اپنے 11.5 ارب روپے کا ہدف کا 56 فیصد حاصل کر لیا۔

جولائی تا اپریل 2015ء کے دوران 15 ملکی نجی بینکوں میں سے بینک آف خیبر نے اپنے سالانہ ہدف کا 92.6 فیصد، فیصل بینک نے 92 فیصد، جے ایس بینک نے 90.2 فیصد، این آئی بی بینک نے 64.7 فیصد، سندھ بینک نے 62.8 فیصد، بینک الحبیب نے 59.6 فیصد، بینک الفلاح نے 58.7 فیصد، سونیری بینک نے 55.2 فیصد، بینک آف پنجاب نے 54.5 فیصد، سلک بینک نے 54.2 فیصد، سمٹ بینک نے 52.9 فیصد، حبیب میٹرو پولیٹن بینک نے 52.1 فیصد جبکہ عسکری بینک اپنے سالانہ ہدف کا صرف 43.5 فیصد حاصل کر سکا۔ تاہم اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک پہلے ہی اپنے سالانہ ہدف 2.5 ارب روپے سے تجاوز کر کے 5.8 ارب روپے تقسیم کر چکا ہے۔