محکمہ زراعت توسیع کاشتکاروں کی رہنمائی کیلئے بھرپور اہلیت رکھتا ہے ،ترجمان

پیر 25 مئی 2015 16:50

فیصل آباد۔25 مئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 مئی۔2015ء) محکمہ زراعت توسیع کاشتکاروں کی بروقت رہنمائی کیلئے عصر حاضر کے تمام تقاضوں کو پورا کرنے کی بھرپور اہلیت رکھتا ہے جبکہ مذکورہ ادارہ کاشتکاروں کے شانہ بشانہ جدید پیدواری ٹیکنالوجی کی منتقلی اور کاشتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے لیڈر کا رول جاری رکھے گا۔ محکمہ زراعت فیصل آبادکے ترجمان نے کہاکہ دور حاضر میں تیز ترین مواصلاتی نظام نے دنیا میں ایک انقلاب برپا کردیا ہے جس میں انٹرنیٹ کا نظام سرفہرست ہے۔

انہوں نے کہاکہ انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجیزذرائع ابلاغ کا جدید اور موٴثر ذریعہ ہیں اس لئے زرعی تحقیق کے نتائج اور فصلوں کے جدید ٹیکنالوجی کے پیکیج کو بلاتاخیر کاشتکاروں تک پہنچانے کیلئے محکمہ زراعت توسیع پنجاب کی فیلڈ سروسز کو موٴثر اور فعال بنانے کیلئے اس کی تشکیل نو کا کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ زراعت توسیع کی تنظیم نو اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے عصر حاضر کے تقاضوں کو پورا کر کے اپنا بہترین کردارادا کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز (آئی سی ٹیز) کے دیگر ذرائع مثلا ٹیلی فون کالز، ٹیکسٹ میسجنگ، ویڈیو، فارم ریڈیو ، فیس بک اور ٹویٹر وغیرہ استعمال کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی کاشتکار اپنی دانشمندی اور محکمہ زراعت کے شانہ بشانہ جدید سفارشات پر عمل کر کے وائرس جیسے موذی مرض سے نبرد آزما ہیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکاروں نے محکمہ زراعت کی سفارشات اور بہترین حکمت عملی پر عمل کر کے بروقت رہنمائی سے وائرس کا مقابلہ کرنا سیکھ لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب کاشتکار گندم کی پیداوار کا 30من سے 60من، کپاس کا 21من سے35من، گنے کا 700 من سے 1400من اور دھان کا 21من سے35من کا گیپ پر کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔