فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کیلئے مٹی اور پانی کا تجزیہ ضروری ہے،ترجمان محکمہ زراعت پنجاب

بدھ 27 مئی 2015 16:27

راولپنڈی ۔27 مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء ) محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان کے مطابق فی ایکڑ زیادہ پیداوار کیلئے مٹی اور آبپاشی کیلئے دستیاب پانی کا تجزیہ ضروری ہے۔ مٹی و پانی کے تجزئیے کی رپورٹ کی روشنی میں کھادوں کا متناسب استعمال نہ صرف فی ایکڑ پیداوار میں اضافے بلکہ مٹی کی طبعی ساخت اور نامیاتی مادے کیلئے بھی ضروری ہے۔

ہماری زرعی زمینوں میں فصلات کو درکار بعض عناصر صغیرہ اور کبیرہ کی کمی دیکھنے میں آرہی ہے جس کی بنیادی وجہ زرعی زمنیوں کی مٹی اور آبپاشی کیلئے استعمال کئے جانے والے پانی کا تجزیہ نہ کروانا ہے۔ محکمہ زراعت پنجاب نے کاشتکاروں کی سہولت اور زرعی پیداوار میں اضافے کیلئے ضلع کی سطح پر مٹی و پانی کی تجزیہ لیبارٹریاں قائم کی ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

کاشتکار ان لیبارٹریوں سے مستفید ہوتے ہوئے فصل کی کاشت سے قبل اپنے کھیتوں کی مٹی اور دستیاب پانی کا تجزیہ ضرور کروایں تاکہ فصلوں کی کاشت کیلئے زمین کی موزونیت، کھادوں کی متناسب مقدار کے بارے میں زرعی ماہرین سے بہتر مشاورت حاصل کی جاسکے۔ ترجمان کے مطابق ایسے کاشتکار جو فصلوں کی کاشت، کھیتوں کی مٹی اور پانی کی تجزیہ رپورٹ کی روشنی میں کرتے ہیں فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل کرسکتے ہیں کیونکہ مٹی و پانی کے خواص کے مطابق فصل کی قسم، شرح بیج، کھادوں کی متناسب مقدارکو ملحوظ خاطر رکھا جاسکتا ہے۔ کاشتکار اس سلسلے میں مزید معلومات و رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کی ہیلپ لائن 0800-29000 اور 0800-15000 پر صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک مفت کال کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :