بھارت عالمی معاہدے پورے اور انسانی حقوق کا احترام کرے۔ یورپی یونین کا مطالبہ

جمعرات 28 مئی 2015 16:58

بھارت عالمی معاہدے پورے اور انسانی حقوق کا احترام کرے۔ یورپی یونین ..

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مئی2015ء) انسانی حقوق کی عالمی کانفرنس کے موقع پر ڈائریکٹر کشمیر فاؤنڈیشن عبدالطیف بھٹ کے بھارتی افواج کے مظالم اور انسانی حقوق کی پامالی سے متعلق سوال کے جواب میں یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کے ڈائریکٹر ہیومن رائٹس اینڈ ڈیموکریسی سیلوویوگونزاتو کا کہا ہے کہ قابض اقوام کو عالمی معاہدے پورے اور انسانی حقوق کا احترام کرنا ہو گا۔

اس کانفرنس کا انعقاد فرینڈز آف یورپ نے کیا تھا۔ کشمیر فاؤنڈیشن نے اپیل کی کہ مقبوضہ جموں اور کشمیر میں ایک مشن بھیجا جائے جو وہاں پر صورتحال کا جائزہ لے۔اس وقت مقبوضہ کشمیر میں سات لاکھ بھارتی ملٹری اور پیرا ملٹری افواج تعینات ہیں۔اتنی بڑی تعداد کا مقبوضہ کشمیر میں ہونا بذات خود انسانی حقوق کی پامالی کی سب سے بڑی وجہ ہے۔

(جاری ہے)

عبدالطیف بھٹ کا کہنا تھا کہ کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے صرف حق خود ارادیت چاہتے ہیں، 1948 کی اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے باوجود بھارت کشمیریوں کے حق ارادیت کی راہ میں سب سے بڑی رکاؤٹ ہے۔

کشمیر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر نے شرکا کی توجہ کشمیر کی جانب دلائی اور یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کے ڈیپارٹمنٹ ایکشن پلان آف ہیومن رائٹس اینڈ ڈیموکریسی میں کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالی کو شامل کرنے کو کہا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو اقوام متحدہ نے بھی تسلیم کیا ہے۔یہ دنیا کی سب سے بڑی جگہ ہے جہاں اتنی زیادہ قاض افواج تعینات ہے، انسانی حقوق کی خلاف ورزی میں آٹھ ہزار افراد کوغائب کر دیا گیا ہے۔

ہزاروں افراد بے نام نشان اجتماعی قبروں سے ملے ہیں۔ کشمیر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر نے سو کے قریب شرکا، جن میں سفارت کار، مختلف لابیز سے تعلق رکھنے والے اور انسانی حقوق پر تحقیق کرنے والے سکالرز شامل تھے، کے سامنے لیپ ٹاپ پر سولہ سالہ لڑکے حامد نذیر بھٹ کی تصویر بھی دکھائی۔یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کے ڈائریکٹر ہیومن رائٹس اینڈ ڈیموکریسی مسٹر سیلوویوگونزاتو نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کی پالیسی ہے کہ وہ قابض اقوام کو عالمی قوانین پورے اور انسانی حقوق کا احترام کرنے کو کہتی ہے۔

بعد میں کشمیر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر ، یورپی کمیشن کے یونٹ گورننس ،ڈیموکریسی، جینڈر،ہیومن رائٹس کے سربراہ جین لوئیس ولی سے ملے اور انہیں تازہ ترین حادثے کے بارے میں بتایا، جس میں ایک لڑکا پولیس کے ہاتھوں زخمی ہوکر اپنی بصارت سے محروم ہو گیا۔جین لوئیس نے اس کے بارے میں یورپی کمیشن کے متعلقہ سیکشن میں رپورٹ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اس حادثے کی تفصیلات اور تصاویر بھی جین لوئیس کو فراہم کی گئیں۔ ڈائریکٹر کشمیر فاؤنڈیشن نے کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ جب بھی کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو تو فیس بک اورٹوئیٹر کی پوسٹس میں ہیش ٹیگ ہیومن رائٹس(#HumanRights) اور متعلقہ الفاظ ضرور لکھیں۔انہوں نے کہا کہ ہیش ٹیگنگ انسانی حقوق کی تنظیموں تک اپنی آواز پہنچانے کے لیے بہترین اور موثر ذریعہ ہے۔

متعلقہ عنوان :