گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو10 نشستوں کے ساتھ واضح اکثریت حاصل

پیپلزپارٹی ،تحریک انصاف 4,4نشستوں کے ساتھ دوسرے ، مجلس وحدت المسلمین اور اسلامی تحریک پاکستان 2،2 نشستوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر کامیابی پانیوالوں میں (ن) لیگ کے محمد نبیل ، میر غضنفر علی ، غلام حسین ایڈووکیٹ ، محمد اکبر خان، محمد شفیع اورمجلس وحدت المسلمین کے رضوان علی شامل

پیر 8 جون 2015 22:43

گلگت /سکردو ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 جون۔2015ء ) گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نے واضح اکثریت حاصل کرلی اور 10 نشستوں پر برتری کے بعد مسلم لیگ (ن) سب سے بڑی اکثریتی جماعت بن کر ابھری ہے جبکہ پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف چار ،چار نشستوں پر کامیابی کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں ، مجلس وحدت المسلمین اور اسلامی تحریک پاکستان نے 2،2 نشستیں حاصل کی ہیں ، 2 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ۔

گلگت بلتستان کی اسمبلی کی 24 نشستون کیلئے پیر کو پولنگ ہوئی ، پیپلزپارٹی ، مسلم لیگ (ن) ، تحریک انصاف میں کانٹے دار مقابلہ ہوا ، اب تک کی اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے 24 میں سے10 نشستیں حاصل کرلیں ۔ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف چار چار نشستوں کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ ۲ نشستوں پر آزاد کے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

کامیابی پانیوالوں میں حلقہ 18 دیامر سے مسلم لیگ (ن) کے محمد نبیل نے 3500 ووٹ لئے جبکہ اس کے مد مقابل جمعیت علماء اسلام (ف) کے حاجی گلبر خان نے 2180 ووٹ لئے ، حلقہ 6 ہنزہ نگر سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار میر غضنفر علی 6384 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مد مقابل عوامی ورکر پارٹی کے بابا جان 3574 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے ۔ حلقہ گانچھے 2 مسلم لیگ (ن) کے غلام حسین ایڈووکیٹ 6457 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے ، ان کے مد مقابل تحریک انصاف کی آمنہ انصاری 5725 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہی ، حلقہ سکردو 1 سے مسلم لیگ (ن) کے محمد اکبر خان 3221 ووٹ لیکر کامیاب ان کے مد مقابل تحریک انصاف کے راجہ جلال 3212 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے ۔

حلقہ جی بی ایل اے 24 گانچھے 3 مسلم لیگ (ن) کے محمد شفیع 5440 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ ان کے مدمقابل پیپلزپارٹی کے امیدوار محمد اسماعیل 5100 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے ۔ ہنزہ ہی سے مجلس وحدت المسلمین کے رضوان علی 2436 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ ان کے مدمقابل آزاد امیدوار پرنس قاسم علی 1932 ووٹ لیکر دوسرے نمبر رہے ۔