حکومت پنجاب نے کنو کے پیداواری مقابلہ کی منظوری دے دی، سٹرس کینکر فری کنو کی زیاد ہ پیداوار حاصل کرنے والے باغبانوں کو 5لاکھ روپے نقد انعام کے علاوہ ٹریکٹرز اور دیگر زرعی آلات دیئے جائیں گے

ہفتہ 20 جون 2015 13:37

فیصل آباد ۔20 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 جون۔2015ء) حکومت پنجاب نے کنو کے پیداواری مقابلہ کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت سٹرس کینکر فری کنو کی زیاد ہ پیداوار حاصل کرنے والے باغبانوں کو 5لاکھ روپے نقد انعام کے علاوہ ٹریکٹرز اور دیگر زرعی آلات دیئے جائیں گے ۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایگری کلچر ریسرچ انفارمیشن فیصل آباد محمد اسحاق لاشاری نے بتایاکہ ترشاوہ باغات میں پوٹاش کھادوں کے استعمال کے فروغ سے سٹرس کینکراور دیگر امراض کے کنٹرول میں کافی مدد ملی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب باغبانوں کو پوٹاش کھادوں کے استعمال کی طرف راغب کرنے کے لیے خصوصی سبسڈی سکیم متعارف کروانے پر بھی غور کر رہی ہے ۔انہوں نے باغبانوں کو سفارش کی کہ وہ ترشاوہ باغوں کی بہتر دیکھ بھال کے لیے ادارہ کے ماہرین سے روابط کو مزید بہتر بنائیں اور ان کی جدید سفارشات پر عمل کرکے اپنے باغات کی معیاری پیداوار میں اضافہ کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آج کے ترقی یافتہ دور میں زرعی تحقیق کے نتائج اور فصلوں کے ٹیکنالوجی پیکیج کو بلاتاخیر کاشتکاروں تک پہنچانے کے لیے توسیع سروس کے ساتھ ابلاغ کے جدید ذرائع اور طریقوں کا موٴثر استعمال بہت ضروری ہے ۔انہوں نے کہاکہ ریڈیو پاکستان دیہی علاقوں کے ناخواندہ اور کم تعلیم یافہ کاشتکاروں کو جدید زرعی معلومات کے متعلق آگاہی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ باغبان سیڈ لیس کنو ، مسمی اور فروٹر ارلی کے پودے زیادہ تعداد میں لگائیں تاکہ پاکستان سے یورپ اور دیگر ممالک میں سیڈ لیس ترشاوہ پھلوں کی برآمدات میں اضافہ کیا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ ریڈیو پاکستان سے کسان بھائیوں کیلئے زرعی معلوماتی پروگرامز پیش کیے جاتے ہیں جن میں کسان بھائیوں کو جدید زرعی طریقوں سے فصلوں کی بہتر پیداوار کیلئے مفید مشورے دیئے جاتے ہیں اور زرعی ماہرین کو بھی کسانوں تک معلومات پہنچانے کیلئے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکاروں کی نہری پانی کی شکایات کے حل کے لیے سیکرٹری آبپاشی کو خصوصی عرضداشت بھی بھجوائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :