تل کے کاشتکاروں کو کھیتوں سے کمزور پودے فوری طور پر نکالنے کی ہدایت

جمعرات 25 جون 2015 14:51

فیصل آباد ۔25 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 جون۔2015ء) محکمہ زراعت نے ہدایت کی ہے کہ تل کے کاشتکار کھیتوں سے کمزور پودے فوری طور پر نکال دیں تاکہ یہ پودے دیگر صحت مند پودوں کو متاثر نہ کرسکیں اور پانی ،ہوا ، زرعی ادویات میں بھی ان کاحصہ ختم کرتے ہوئے اچھی پیداوار کاحصول ممکن ہو سکے۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ کاشتکار وں کو چاہیے کہ وہ تل کی فصل کا بغور مشاہدہ کرتے رہیں اور جب 6 سے 8 پتے نکل آئیں تو کمزور پودوں کو فوری کھیت سے نکال دینا چاہیے نیز پودوں کا آپس میں فاصلہ بھی 10 سے15سینٹی میٹر یا 4 سے6 انچ ہوناچاہے۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار خیال رکھیں کہ کھیت میں فی ایکڑ پودوں کی تعداد 60ہزار کے قریب ہونی چاہیے تاکہ اسے سیراب کرنے اور گوڈی کرنے میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرناپڑے۔ انہوں نے کاشتکاروں کو کھادوں کا متوازن و متناسب استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی ۔