کپاس کے کاشتکار وں کو بہتر پیداوار کیلئے فصل کو رس چوسنے والے کیڑوں سے محفوظ رکھنے کی ہدایت

جمعرات 25 جون 2015 14:53

فیصل آباد ۔25 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 جون۔2015ء) کپاس کے کاشتکار وں کو فی ایکڑ بہتر پیداوار کے حصول کیلئے فصل کو رس چوسنے والے کیڑوں کے حملہ سے محفوظ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے اورکہاگیاہے کہ کاشتکار اس ضمن میں کسی غفلت یاکوتاہی کامظاہرہ نہ کریں اور اگر کسی جگہ پر مذکورہ کیڑوں کے حملے کی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے مناسب زہروں کا سپرے یقینی بنائیں ۔

محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے کہاکہ تھرپس کی مادہ نرم پتوں اور شاخوں پر گروہ کی شکل میں انڈے دیتی ہے جبکہ تھرپس کے بالغ اور بچے دونوں پتوں کو رگڑ کر رس چوستے ہیں جس سے پتوں کی نچلی سطح چاندی کی طرح سفید چمکدار ہو جاتی ہے اور کپاس کے چھوٹے پودوں کے پتے رس چوسنے کی وجہ سے چُڑ مُڑ ہو جاتے اور پیالہ نما شکل اختیار کر لیتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ تھرپس کے تدارک کیلئے کسّی، کھرپہ، کسولہ یا ہل کی مدد سے گوڈی کریں تاکہ زیر زمین انڈوں سے بچے نکل کر تلف ہو جائیں نیز کاشتکار فصل کی ہلکی آبپاشی کریں اور تھرپس کے حملہ سے متاثرہ پودوں کی چھدرائی کر کے فالتو پودے نکال دیں۔

انہوں نے بتایاکہ مائٹس جووٴں کے بچے اور بالغ دونوں فصل کو نقصان پہنچاتے ہیں جبکہ جسامت چھوٹی ہونے کی وجہ سے ابتدائی حملہ کے وقت کاشتکار کو ان کی موجودگی کا پتہ نہیں چلتا اور شدید حملہ کی وجہ سے فصل تباہ ہو جاتی ہے

نیز حملہ شدہ پتے بہت چھوٹے رہ جاتے اور اوپر کو مڑنے سمیت سخت ہو کر بھربھرے ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مائٹس کے تدارک کیلئے کاشتکار فصل پر خصوصی توجہ دیں اور متاثرہ پتے و پودے توڑ کر زمین میں دبا دیں۔

انہوں نے کہاکہ سفید مکھی کاٹن لیف کرل وائرس نامی بیماری کے پھیلانے کا سبب بنتی ہے جس میں سفید مکھی اور اس کے بچے دونوں رس چوس کر کپاس کی فصل کو نقصان پہنچاتے ہیں جس سے پودے کمزور ہو جاتے ہیں اورغنچوں، پھولوں اور پتوں کی نشوونما رک جاتی ہے۔انہوں نے بتایاکہ سفید مکھی رس چوسنے کے دوران اپنے جسم سے ایک میٹھا لیسدار مادہ خارج کرتی ہے جس سے پتوں پر سیاہ پھپھوندی اگ آتی ہے، پتے سیاہ پڑ جاتے ہیں ، ضیائی تالیف کا عمل متاثر ہوتا ہے، پودے اپنی خوراک تیار نہیں کر سکتے اور کمزور ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکارسفید مکھی کے تدارک کیلئے کھیت کو جڑی بوٹیوں سے پاک رکھیں، فصل کی باقاعدگی سے پیسٹ سکاؤٹنگ کریں اور متاثرہ پودے چھدرائی کے وقت احتیاط سے تلف کر دیں۔انہوں نے کہاکہ ضرر رساں کیڑوں کا حملہ نقصان کی معاشی حد سے زیادہ ہو جائے تو زرعی ماہرین کے مشورہ سے مناسب زہروں کا سپرے بھی کیاجائے۔