کاشتکاروں کو جوار کی فصل کیلئے کھادوں کے متناسب استعمال کی ہدایت

جمعرات 25 جون 2015 14:53

فیصل آباد ۔25 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 جون۔2015ء) ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو جوار کیلئے کھادوں کافی ایکڑ متناسب استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ کاشتکار چارے والی فصل کو بوقت بوائی دو بوری نائٹروفاس اور دوسرے پانی کے ساتھ آدھی بوری یوریا ڈالیں جبکہ بیج والی فصل کیلئے ایک بوری ڈی اے پی ، ایک بوری پوٹاش اور دوسرے پانی کے ساتھ آدھی بوری یوریا ڈالنے کے بھی مفید نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک ملاقات کے دوران انہوں نے بتایاکہ چارے والی فصل کو ماہ جولائی سے وسط اگست تک جبکہ بیج والی فصل کو وسط جولائی تک کاشت کیاجاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار بوائی سے قبل 3یا 4ٹرالی گوبر کی گلی سڑی کھاد فی ایکڑ یکساں بکھیر کر کھیت میں ہل چلاتے ہوئے زمین میں ملادیں اور اگر فصل کی حالت اچھی ہو تو دوسرے پانی کے ساتھ یوریا کے استعمال میں بچت کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بارانی علاقوں میں تمام کھاد بوائی سے پہلے زمین کی تیاری کے وقت بھی ڈالی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت کی خدمات سے استفادہ کرسکتے ہیں۔